
کراچی ( نمائندہ رنگ نو )ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے تعاون سے ٹیم کراچی ویلفیئرسوسائٹی کےزیراہتمام ’’خود کفالت روزگار پراجیکٹ‘‘ کے
تحت ٹیم کراچی سلائی سینٹر سے 155فارغ التحصیل 71مرد اور 84خواتین کوسلائی مشینوں اور اسناد کی تقسیم کی پروقار تقریب کے مقامی ہال میں منعقد کی گئی۔
تقریب میں ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر ہمدرد پاکستان کے چیف آپریٹنگ آفیسر فیصل ندیم، گروپ ڈائریکٹر ابوطالب بھٹو اور ڈائریکٹر سید محمد ارسلان موجود تھے ۔ محترمہ سعدیہ راشد نے ہنر مندی کا کورس مکمل کرنے والے افراد میں اسناد تقسیم کیں۔ ضرورت مند افراد کو ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے تعاون سے 10روزگار رکشے اور 5 لوڈر رکشے بھی دئیے گئے۔
اس موقع پر محترمہ سعدیہ راشد نےتقریب سےخطاب کر تے ہوے کہا کہ نوجوانان شہرنےاپنے ہم وطنوں کےحالات اپنی مدد آپ کے تحت بدلنے کا جو تہیہ کیا ہے اورجس احساس ذمے داری سے سماجی خدمات میں مصروف ہیں ،ان کی خلوص نیت اور جذبہ خدمت انسانیت یقیناً قابل ستایش بھی ہے اور قابل تقلید بھی۔ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کا مطمع نظر ملّت کے نوجوانوں کو ہنرمند اور خود کفیل بنانا ہے۔انسان کا مستغنی ہونایعنی صرف اللہ کا محتاج ہونا بھی رب کائنات کی اُس پررحمت کا واضح عندیہ ہےجو ہنر مند انسان کو حاصل ہوجاتی ہے اور وہ خود کفیل ہوکر دوسروں کی محتاجی سے نکل جاتا ہے ۔اسی لیے ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے مدینۃ الحکمہ کے اطراف کےگائوں گوٹھ کے بچوں کوہمدرد ولیج اسکول میں تعلیم و تربیت کے ساتھ ووکیشنل ٹریننگ بھی دی جاتی ہے۔ فنی تربیت انسان میں تخیلاتی و تخلیقی صلاحیتوںکو جلا بخشتی ہیں، اس کی اُجرت بھی بابرکت ہوتی ہے۔ انسان کی زندگی میں نشیب و فراز آتے ہیں لیکن اگر انسان باصلاحیت اور تربیت یافتہ ہو تو وہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرلیتا ہے۔
چیف آپریٹنگ آفیسر فیصل ندیم نے کہاکہ محترمہ سعدیہ راشد کے وژن ’’صحت مند ہنر مند پاکستان‘‘ کے مطابق ہمدرد فائونڈیشن پاکستان خدمت خلق کے میدانو ں میں خلوص نیت سے مصروف عمل ہے۔۔ ٹیم کراچی کے منتظمین جس جانفشانی اور خلوص سے ملک کی خدمت کررہے ہیں یہ ہم سب کے لیے باعث افتخار ہے۔ میں دعاگو ہوں کہ ٹیم کراچی اسی طرح اپنے مقاصد میں کامیاب ہوتی رہے۔
سید محمد ارسلان نےہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے لیے جانے والے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی اور شرکاء محفل کو بتایا کہ ہمدرد فائونڈیشن کی جانب سے تعلیم و ہنر مندی کے کئی پروگرامز جاری ہیں جن سے شرکاء بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔ ان پروگرامز میں حال ہی میں برلٹس انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سےنیا پروگرام قابل ذکر ہے جس کے تحت نہ صرف طلبہ کو کورسز سکھائے جاتے ہیں بلکہ بعد از کورس انڈسٹری شراکت داروں کے تعاون سے اُن کے معقول روزگار کا بندوبست بھی کیا جاتا ہے۔ ٹیم کراچی کے صدر ثاقب ذیشان نے بتایا کہ طلبہ کو سلائی سینٹر سے ملنے والی تربیت اور سند روزگار کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوگی۔اُنھوں نے مزید کہاکہ سلائی مشینیں دینے کا مقصد طلبہ کو اپنے لیے مواقع پیداکرنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ کئی زیر تربیت طلبہ نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ٹیم کراچی کے نائب صدر ذیشان الرب جعفری، بورڈ ممبر محمود ارشد اور بورڈ ممبر مفتی شاکر صدیقی نے محترمہ سعدیہ راشد کی بہ طور مہمان خصوصی شرکت اور ہمدرد کے دیگر عہدیداران کی آمد پر اظہار تشکر کیا اور ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی مسلسل حمایت اور تعاون کو سراہا۔!





































