
لاہور(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو بلدیاتی ادارے بحال کرنے کے لیے 28جولائی تک مہلت
دے دی ۔پیر کو بلدیاتی ادارے بحال نہ ہونے کے کیس کی لاہور ہائیکورٹ میں سابق میئر لاہور اور دیگر کی درخواستوں پر جسٹس عائشہ اے ملک نے سماعت کی۔چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس عائشہ اے ملک نے چیف سیکرٹری پنجاب سے استفسارکیا کہ بلدیاتی ادارے کیوں بحال نہیں کیے؟۔ چیف سیکریٹری پنجاب نے جواب دیا کہ بلدیاتی اداروں کی بحالی سے متعلق کمیٹی تشکیل دے دی ۔جسٹس عائشہ اے ملک نے مزید استفسار کیا کہ اس کمیٹی نے کیا کرنا ہے اور یہ کب کام شروع کرے گی۔
چیف سیکرٹری نے جواب دیا کہ یہ کمیٹی عید کے بعد کام شروع کرے گی۔جسٹس عائشہ اے ملک نے چیف سیکرٹری پنجاب سے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے اور اس پر پنجاب حکومت کو عمل کرنا ہوگا۔پنجاب حکومت نیا جواب جمع کرائے۔لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواستوں میں حکومت پنجاب اورسیکرٹری بلدیات سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ پاکستان نے بلدیاتی اداروں کو بحال کرنے کا حکم دیا لیکن سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے کے باوجود تاحال بلدیاتی اداروں کو بحال نہیں کیا گیا اور حکومت جان بوجھ کر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کررہی ہے۔
بلدیاتی اداروں کی عدم بحالی کے باعث عوامی مسائل حل نہیں ہو پارہے ہیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے ۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ حکومت کے خلاف عدالت توہین عدالت کی کارروائی کا حکم دے۔




































