
کراچی(ویب ڈیسک) کراچی میں رواں سال کے 4ماہ میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی
وارداتوں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ کراچی میں یکم جنوری سے 3مئی تک شہریوں سے 5951موبائل فون چھین لیے گئے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں 10.45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔پولیس نے کہا کہ رمضان کے 9 دنوں میں شہریوں سے 220 موبائل فون چھینے گئے ہیں جبکہ گاڑیاں چوری اور چھیننے کی 18وارداتیں ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں جنوری سے مئی تک گاڑیاں چھیننے اور چوری کی 542 وارداتیں رپورٹ ہوئیں ہیں۔اس کے علاوہ پولیس نے بتایا کہ موٹرسائیکل چوری اور چھیننے کی 10 ہزار 315 وارداتیں ہوئیں،گزشتہ سال کے مقابلے میں موٹرسائیکل چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں 16.5فیصد اضافہ ہوا۔پولیس کے مطابق ماہ رمضان میں 512 شہری موٹرسائیکلوں سے محروم ہوگئے۔




































