کراچی ( نمائندہ رنگ نو ) الخدمت کراچی کے”آرفن کیئر پروگرام اورالخدمت آغوش ہوم گلشن معمارکےبچوں کی سالانہ ہیلتھ
اسکریننگ کا تیسرا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
تیسرے مرحلے کا اہتمام الخدمت ناظم آباد ، اورنگی اسپتال اورنارتھ کراچی میڈیکل سینٹرمیں کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 480 باہمت بچوں کی اسکریننگ کی گئی ۔
ہیلتھ اسکریننگ کے موقع پربچوں کی مائیں، سرپرست اورالخدمت آرفن کیئرپروگرام ،آغوش ہوم کے ذمہ داران موجود تھے۔کیمپس میں بچوں کی آنکھوں، دانتوں ،کان ،ناک ،گلےکی اسکریننگ کی گئی اور جنرل فیزیشنز نےبھی بچوں کا معائنہ کیا ۔
اس موقع پر بچوں کو آنکھوں اور دانتوں کی حفاظت سےمتعلق مفید معلومات دیں گئیں اور اچھی صحت کے بنیادی اصول بھی بتائے۔ ڈاکٹروں نے بچوں کو اچھی صحت کیلئے تمام امور کی وقت پر انجام دہی ،وقت پر سونے اور وقت پر صبح اٹھنے کا بھی مشورہ بھی دیا ۔
دریں اثنا ایگز یکٹو ڈائریکٹرراشد قریشی نے کہا کہ الخدمت اس وقت 1500سے زائد بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کر رہی ہے،جبکہ آغوش ہوم میں 50باہمت بچے پرورش پار ہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یتیم بچے ہمارے بچے ہیں۔ الخدمت ان کی صحت سے غافل نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام بچوں کی سالانہ اسکر یننگ کی جاتی ہے تاکہ ان کو صحت سے متعلق مسائل کا سامنا نہ ہو اور اگر کسی کو مسائل کا سامنا ہو تو اسے حل کیا جا سکے۔
راشد قریشی نے کہا کہ ہیلتھ اسکریننگ کے عمل میں ماہرڈاکٹروں اورپیرامیڈیکل اسٹاف کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں اور جب بچوں کو ٹیسٹ ،عینک ،داواؤں کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ بھی الخدمت کی جانب سے فراہم کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت ان بچوں کی ان گے گھروں میں کفالت کر تی ہے۔ یہ الخدمت کا اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اہل خیر سے کہتے ہیں کہ وہ اس اس نیک منصوبے میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔