
کراچی ( رنگ نو ڈاٹ کام ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں طلبا کے لیے 14دسمبر کو میلے کا
انعقادکیاجائے گا،بچے کا پہلا بنیادی حق تعلیم ہے،ہمارا دین بھی اقراءسے شروع ہوتا ہے، تعلیم کو فروغ دینے کی ضروت ہے،ہمارے ہاں ڈھائی کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں، این جی او سیکٹر اور جی سی ٹی پسماندہ علاقوں میں بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں،
ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل محمداحمد شاہ اور گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری زاہد سعید طلباءمیلے سے متعلق مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل اپنے بنیادی مینڈیٹ سے کہیں آگے بڑھ کر تعلیمی میدان میں سندھ کی پسماندگی دور کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا چاہتا ہے اور اسی مقصد کے لیے 14 دسمبر کو اسکول کے بچوں کے لیے میلے کا بھرپور انعقاد بھی کیا جا رہا ہے جس میں نعتیہ اور تقریری مقابلے، ملی نغمے اور غیرنصابی سرگرمیوں کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔
زاہد سعید نے کہاکہ سندھ میں موجود 4.2 ملین ناخواندہ بچوں کو اسکولوں میں داخلہ دلانے کے مشن میں سندھ حکومت کا ہر ممکن ساتھ دینگے،پسماندہ، دیہاتی، مضافاتی اور دور دراز کے مقامات میں 150 سے زائد فلاحی اور رفاعی اسکول قائم کیے ہیں جہاں غیر مراعات یافتہ طبقات کے 29 ہزار بچے زیر تعلیم ہیں،
انہوں نے کہاکہ بڑی تعداد میں ناخواندہ بچوں کی موجودگی ایک بہت ہی سنگین مسئلہ ہے جو پورے ملک کی ترقی کی راہ میں مسلسل رکاوٹ ہے۔اس مسئلے پر قابو پانے کے لیئے سندھ کے سرکاری اسکولوں کے وسیع ترین نیٹ ورک کو جدید تعلیمی نظام کی بنیادوں پر مکمل طور پر تبدیل کرنا ہوگا۔
میلے میں مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی ہوں گے۔صدر آرٹس کونسل محمداحمد شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل ایسے تمام فلاحی ادارو ں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے تاکہ معاشرے میں سماجی و تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کئے جائیں
-




































