
ممبئی(رنگ ِ نو شوبز ڈیسک )بھارتی موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان نے بیٹی کو نقاب پہننے پر مجبور کرنے کے الزامات کے بعد اپنے تینوں بچوں کی نئی تصاویر
سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔تصویرایک میگزین کے لئے شوٹ کی گئی ہے، جس میں اُن کی بیٹی خدیجہ نقاب پہنے ہوئے کرسی پر بیٹھی ہیں جبکہ دوسری بیٹی رحیمہ ؒفلور لینتھ گاؤن اور بیٹا امین سوٹ میں ملبوس کھڑے ہیں۔تصویر کے ساتھ کیپشن ’’رحیمہ، خدیجہ اور امین ہیلو میگزین کے لئے پوز دیتے ہوئے‘‘ تحریر ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سلم ڈاگ ملینیئر کے دس سال مکمل ہونے پر ایک تقریب میں اے آر رحمان کی بیٹی خدیجہ نقاب پہن کر شریک ہوئی تھیں، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
تقریب میں اے آر رحمان کی بیٹی خدیجہ کو اُن کے انٹرویو کے لئے اسٹیج پر بلایا گیا تھا، ساڑھی میں ملبوس خدیجہ نے چہرے پر نقاب لیا ہوا تھا، جسے بعض لوگوں نے ’قدامت پسندانہ‘ لباس قرار دیا
بھارت کے معروف موسیقار اے آر رحمان نے تنقید کا جواب دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ہیش ٹیگ #freedomtochoose کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی تھی جس کا کیپشن ’’میری فیملی کی انمول خواتین خدیجہ، رحیمہ اور سائرہ، نیتاامبانی جی کے ہمراہ‘‘ ہے۔




































