
ممبئی (رنگ نو شوبز )بولی وڈ کی آنے والی ایکشن کرائم فلم’ ’دبنگ تھری‘‘ کا شائقین کو کافی وقت سے انتظار ہے، اطلاعات تھیں کہ یہ فلم 2018
تک ریلیز کردی جائے گی۔تاہم فلم کی ریلیز تو دور کی بات اب تک فلم کا کوئی ٹریلر اور گانا بھی ریلیز نہیں کیا جا سکا، کیونکہ اس کی شوٹنگ کافی تاخیر کے بعد رواں برس اپریل میں شروع کی گئی تھی۔
دبنگ تھری بنانے کا اعلان تو 2015 میں ہی کردیا گیا تھا اور فلم کے پروڈیوسر ارباز خان کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ وہ ہی سیریز کی تیسری فلم کو بنائیں گے۔تاہم فلم کی شوٹنگ شروع کرتے کرتے اور فلم کی کاسٹ کو سلیکٹ کرنے میں کافی تاخیر کے بعد رواں برس سے اس کی شوٹنگ شروع کردی گئی۔
دبنگ تھری کے حوالے سے جہاں ابتدائی طور پر خبریں تھیں کہ اس بار فلم میں سوناکشی سنہا کے بجائے مونی راؤ کو کاسٹ کیا جائے گا، بعد ازاں اس بات کی تصدیق کردی گئی کہ سوناکشی سنہا ہی فلم میں مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
سوناکشی سنہا کا کہنا تھا کہ فلم میں ٹرائی اینگل پیار کو نہیں دکھایا جائے گا اور اس بار بھی پہلی دونوں فلموں کی طرح وہ اکیلی ہی سلمان خان سے محبت کرتی دکھائی دیں گی۔




































