
ممبئی(شوبز ڈیسک)بولی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم کے ہندی سینما انڈسٹری کو چھوڑنےکےفیصلے نے ان کے مداحوں کے
ساتھ ساتھ دیگر نامور شخصیات کو بھی کافی حیران کردیا تاہم اب یہ معاملہ مزید الجھتا جارہا ہے۔
اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤ نٹس پر اعلان کیا تھا کہ وہ بولی وڈ چھوڑنے کا فیصلہ کررہی ہیں کیوں کہ ان کے کیرئیر کا انتخاب ان کے مذہبی عقائد پر اثرانداز ہورہا تھا،جس کے بعد کئی نامور بھارتی شخصیات نے اداکارہ کو ان کے اس فیصلے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
کسی نے ان کی آگے کی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تو کسی نے زائرہ کو ناشکرا کہا ۔تاہم بعدازاں بھارتی میڈیامیں یہ خبریں سامنے آئیں کی زائرہ وسیم کے منیجر نے دعوی کیا کہ ان کے اکاؤنٹس ہیک کرلیے گئے ہیں، جبکہ بولی وڈ چھوڑنے کی کوئی پوسٹ اداکارہ نے شیئر نہیں کی۔
تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئےانہوں نے کہا تھا کہ ان کی سوشل میڈیا ٹیم معاملے کو دیکھ رہی ہے، تاہم یہ بھی بتایا کہ اداکارہ نے بولی وڈ چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا،جبکہ اب زائرہ نے ایک مرتبہ پھر اپنے سوشل میڈیا پر اعلان کردیا کہ ان کا کوئی اکانٹ ہیک نہیں ہوا ہے۔




































