
کراچی ( رنگ نوڈ اٹ کام )آرتس کونسل پاکستان کراچی کے صدرمحمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ منظور احمد
اچھے وائلن نواز تھے،میں سمجھتا ہوں کہ آج ان کے ساتھ افضل اور قمر اللہ دتہ کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، میرا میوزیشنز کے ساتھ اتنا پرانا تعلق ہے جیسے مداح کا ایک آرٹسٹ کے ساتھ ہوتا ہے۔
وائلن نواز منظور احمد کے تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد احمد شاہ نے کہاکہ منظور احمد ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے تھے ہر انسان کا ایک ٹائم ہوتا ہے اور ہمیں ہر طرح سے ان کی مدد کرنی چاہیے ۔
اشتیاق بشیر نے کہا کہ منظور احمد بہت نفیس انسان تھے، ان سے ایک ایسا رشتہ تھا جو ساری زندگی برقرار رہے گا ،اقبال لطیف نے کہاکہ منظور احمد ایک لائیو آرٹسٹ تھے جو آج کے دور میں بہ مشکل پیدا ہوتا ہے اور آرٹسٹ کو زندہ رکھنا آرٹس کونسل کراچی کی روایت رہی ہے۔ہم نے نئے پودے بڑے درختوں کی چھاﺅں میں لگانے شروع کردیئے ہیں چاہے وہ میوزک ہو یا اداکاری ہوں، اکیڈمیز کی صورت میں تربیت کا جو عمل

احمد شاہ نے شروع کیا ہے وہ پاکستان کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔
چیئر مین اسٹیج شو سید سعادت جعفری نے کہا کہ آدمی سوچ بھی نہیں سکتا ہے کہ جو آدمی ابھی ہنس رہا ہو باتیں کررہا ہو وہ ایک لمحے کے بعد دنیا سے رخصت ہوجائے گا یہ بہت دکھ اور تکلیف کی بات ہے۔ ان کے والد مقصود بھی میرے اچھے دوست تھے ۔
صاحبزادے منظوراحمد دانش منظور نے کہاکہ میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا شکرگزار ہوں جنہوں نے آرٹسٹوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے یہ رِیت ڈالی ہے ، لائیو میوزیشنز کو آگے بڑھانے اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔
آخر میں سلطان ارشد کے علاوہ شبانہ کوثر ،شازیہ کوثر، اخلاق بشیر،اشفاق احمد ، کامران سگو ، عمران جاوید،سعید غلام علی وفا،اظہر حسین ، سلمان علوی، نفیس احمد، ادریس خان ودیگر نے بھی اظہارِ خیال کیا۔
--




































