
اسلام آباد (رنگ نو شوبز ڈیسک ) اداکارہ نتاشا علی نے کہا ہے کہ ان کے خاندان میں کاموں کے
لیے ملازم رکھنا پسند نہیں کیا جاتا اس لیے انہوں نے بھی اپنے کاموں کے لیے کوئی ملازم نہیں رکھا ہوا ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا وہ تین چار سال پہلے بہت غصیلی ہوا کرتی تھیں لیکن اب انہوں نے اپنے غصے پر بہت حد تک قابو پانا سیکھ لیا ہے اورجو لوگ ان سے ایک دوسال بعد مل رہے ہیں وہ یہ تبدیلی واضح محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچپن سے ہی اداکارہ بننے کا شوق تھا اور پھر جب شوبز انڈسٹری میں آنے کا سوچا تو والدہ نے بہت مخالفت کی کیونکہ ان کے خاندان میں کوئی بھی اس شعبے سے منسلک نہیں رہا ۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے بچپن لاپروا لڑکے کی طرح گزارا اور شوبز میں آنے کے بعد بھی ایسا ہی لگتا تھا کہ جیسے وہ لڑکا ہوتے ہوئے کسی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔نتاشا علی نے کہا کہ وہ حساس ہونے کے ساتھ ساتھ بہت مضبوط بھی ہیں اورجو فیصلہ کر لیتی ہیں اس پر ڈٹ جاتی ہیں، انھیں شاپنگ کا بہت شوق ہے۔




































