
کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں پروفیسر نادر عنقا (پیراویسی) کی کتاب
”عرفان و تصوف، مذاہب کے درمیان ایک پُل“ کی تقریب رونمائی احمد شاہ بلڈنگ کے ہال نمبر۱میں منعقد کی گئی۔
تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ پروفیسر نادرعنقا نے کتاب کے ذریعے مذہب کے بارے میں مثبت پیغام دیا ہے۔ یہ ایک بہت بڑا کام ہے ہمیں تہذیب اور مذہب کی بنیاد کو سمجھ کر اس پیغام کو مل کر آگے بڑھانا ہوگا۔
پروفیسر عباس حسین نے کہاکہ انفرادی خودکشی اور اجتماعی جہالت ہمارا مستقبل نہیں ہوسکتی، دورِجدید میں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہمیں معرفت کا راستہ اپنانا ہوگا ۔
ڈاکٹر فاطمہ حسن نے کہاکہ بلاشبہ یہ کتاب ہمارے لیے فکر کے دریچے روشن کرتی ہے ،کتاب کی خوبی میں جامعیت اور موضوع پر بے مثال دسترس ہے۔
مصنف نے پیغمبروں کی تعلیمات کو بیان اور دین کی حقیقت سمجھانے کی کوشش کی ہے، انسان ایک منفرد لیکن پیچیدہ شاہکار ہے۔ہمارا معاشرہ جب تک آسودہ اور خوشحال نہیں ہوسکتا جب تک ہر فرد، معاشرہ اپنے باطن میں علم اور حقیقت کو دریافت نہیں کرلیتا۔اسلام کی بنیاد توحید پر ہے ۔
ڈاکٹر سید محسن نقوی نے کہاکہ ”جس نے اپنے نفس کو پہچان لیا اس نے اپنے رب کو پہچان لیا“ذات کے سفر میں بڑے نازک مراحل آتے ہیں لیکن انسان الحق کے سفرمیں کتنا بھی آگے نکل جائے خالق خالق رہتا ہے اور مخلوق مخلوق ۔
تقریب کے اختتام پہ پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید اورنرگس مرتضیٰ نے کتاب ڈاکٹر فاطمہ حسن کو پیش کی اور صدر آرٹس کونسل محمداحمد شاہ کے بھرپور تعاون کرنے شکریہ ادا کیا ۔ نظامت کے فرائض رخسانہ صبا نے انجام دیئے۔




































