
کراچی ،لاہور( رنگ نو ڈاٹ کام )نجی ٹی وی کے مقبول ڈرامے ” میرے پاس تم ہو“ کے خالق ،مقبول ڈرامہ رائٹر
خلیل الرحمن آج کل سوشل میڈیاپر موضوع بحث بنے ہوئے ہیں، ان کے ڈرامے کی آخری قسط ہفتہ25جنوری کو پیش کی جارہی ہے،جو سینیما گھروں میں بھی دکھا ئی جائے گی ۔
خلیل الرحمن قمر کے اس ڈرامے کو عورت کی مرد سے بے وفائی کی کہانی،برجستہ جملوں اور اس ڈرامے کے اداکاروں کی جاندار پرفارمنس کی وجہ سے پسند کیا جارہا ہے ،لیکن خلیل الرحمن قمرکی مختلف ٹی وی شوزاور سوشل میڈیا پرخواتین سے متعلق بیان بازی کو خواتین نے آڑے ہاتھوں لیا ہے ۔
خواتین کا کہنا ہے کہ خلیل الرحمن قمر خواتین کی عزت وتکریم بھول گئے ہیں ”رنگ نو ِ“کے ایک سروے میں ایک خاتون نے کچھ سخت الفاظ بولے کہنے لگیں کہ کیا انہوں نے اپنے گھر کے تجربات ڈرامے میں شیئر کیے ہیں ۔ایک اور خاتون نے کہا کہ ڈرامے میں یہ بتا نے کی کوشش کی گئی ہے عورت اگر بے وفائی کرے تو اس کیلئے کوئی گنجائش نہیں ۔ایک اور خاتون نے کہا کہ 1000خواتین میں سے اگر کوئی ایک خاتون ایسی ہو تو کیا سب کو برا کہا جاسکتا ہے؟۔سوشل میڈیا پر ان کے بیان ” اگر عورت مردکی برابری چاہتی ہے تو ذر امرد کاریپ کرے“کے بیان پر بھی کڑی تنقید کی جارہی ہے ۔جبکہ انہوں نے کئی اور بیانات بھی دیئے ہیں۔

لاہور کے سول کورٹ میں ماہم نامی خاتون نے اپنے وکیل ماجد چوہدری ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں ڈرامے کی آخری قسط رکوانے کی استدعاکی ہے اورموقف اختیار کیا ہے کہ ڈرامے میں خواتین کی مسلسل تضحیک کی گئی اور عورت کو کم تر دکھایا گیا ہے، لہٰذاڈرامے کی آخری قسط کو روکا جائے جس پر عدالت نے فریقین 24جنوری کیلئے نو ٹس جاری کیے ہیں ۔
یہی نہیں ڈرامے میں مختصر کرداراداکرنے والی اداکار ہ رحمت اجمل نے انسٹا گرام پر جاری پوسٹ میں کہا ہے کہ انہیں اس ڈرامے میں کام کرنے پر کوئی فخر نہیں ،ساتھ ہی انہوں نے خلیل الرحمن قمر کے خواتین سے متعلق ریمارکس پر تنقید کی ہے اورکہا ہے کہ انہیں خواتین سے متعلق خیالات پر مایوسی ہوئی ہے۔




































