
لاہور(شوبز ڈیسک ) فیملی کورٹ نے گلوکارہ صنم ماروی کو خلع کی ڈگری جاری کر دی۔فیملی سول جج افضل واہلہ نے جمعرات کو صنم
ماروی کی دائر خلع درخواست پر سماعت کی۔صنم ماروی نے اپنے شوہرحامدعلی کے خلاف خلع کے دعوے میں موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے تین بچے ہیں ،شوہر تشدد کرتا ہے ،بچوں کے سامنے بھی مارتا پیٹتا اور گالیاں دیتا ہے ۔وہ کافی عرصے سے تشدد برداشت کررہی ہیں اوراب وہ مزید تشدد برداشت نہیں کرسکتیں۔
درخواست پر شوہر حامد علی نے جواب جمع کروایا تھا جس میں انہوں نے بیوی کے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ میں نے کبھی بدتمیزی نہیں کی اور نہ ہی گالی گلوچ کی۔
حامد علی نے اپنے سات صفحات پر مشتمل جواب میں کہا کہ بیوی اور بچوں کو باقاعدہ خرچہ ادا کررہا ہوں،بیوی سے میری پوری فیملی پیار کرتی ہے اور کوئی شکوہ شکایت نہیں ۔جواب میں مزید کہا گیا کہ بیوی نے غلط فہمی کی بنیاد پر خلع کی درخواست دائر کررکھی ہے۔حامد علی نے استدعا کی کہ عدالت خلع کی درخواست مسترد کرنے کا حکم دے۔درخواست گزار گلوکارہ صنم ماروی کا موقف ہے کہ شوہر حامد علی سے 2009ءمیں اسلامی قوانین کے تحت شادی ہوئی اور ہمارے تین بچے بھی ہیں،شادی کے کچھ عرصے بعد شوہر کا رویہ بدل گیا۔
صنم ماروی نے استدعا کی کہ شوہر کے ساتھ مزید گزارہ ممکن نہیں لہذا عدالت خلع کی ڈگری جاری کرے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے گلوکارہ صنم ماروی کو خلع کی ڈگری جاری کر دی ۔ یوں شوبز کی دنیا کی ایک اور جوڑی کی راہیں جدا ہوگئیں۔




































