
کراچی (نمائندہ رنگ نو ڈاٹ کام ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور محکمہ صحت سندھ کے اشتراک
سے کورونا وائرس سے بچاؤکے لیے آرٹس کونسل کراچی میں کووڈ19 ویکسی نیشن لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔۔معروف ادیب و دانشور انور مقصود ، اداکار جاوید شیخ،اہلیہ جاوید شیخ زینت منگی، بہروزسبز واری، طلعت حسین،حسینہ معین،اداکار شکیل ،انور شعور، پروفیسر انیس زیدی اور دیگر فنکار و ادیب ،شعراءنے آرٹس کونسل کراچی میں ویکسی نیشن کرالی۔
اس موقع پر معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے کہاکہ مجھے یقین نہیں آتا کہ کراچی میں ایسی جگہ بھی ہے جہاں اتنی صفائی ستھرائی اوراتنا پرخلوص جذبہ ہر آدمی میں پایا جاتا ہو، آرٹس کونسل کراچی کا ساتھ دینے پر سندھ حکومت تعریف کی مستحق ہے، میں سندھ حکومت اور آرٹس کونسل کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ کووڈ 19سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کو اپنا فرض سمجھ کر ضرور لگوائیں اوراس وباءکو ختم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔اداکار جاوید شیخ نے کہاکہ کووڈ19 سے نمٹنے کے لیے آرٹس کونسل کراچی کا نظام دیکھ کر دلی خوشی محسوس کررہا ہوں، احمد شاہ کا پیار قابلِ دید ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں بھی دوسرے لوگوں کے لیے کچھ کرنا چاہیے ، سندھ گورنمنٹ نے مختلف جگہوں پر کووڈ19 ویکسی نیشن سینٹر قائم کردیے ہیں ہمیں حفاظتی ٹیکہ لگواکر اپنا فرض ادا کرنا چاہیے تاکہ پاکستان اس وباءسے باہر آسکے، اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو سلامت رکھے اور ہم جلد ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوں، اس موقع پر اداکار طلعت حسین نے کہاکہ احمد شاہ کے ہوتے ہوئے پریشانی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،آرٹس کونسل کراچی میں کووڈ19 ویکسی نیشن کے انتظامات دیکھنے کے قابل ہیں، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے ہمیشہ محبت اور ایمانداری سے کام کو بخوبی سرانجام دیا ہے، بہروز سبز واری نے کہاکہ احمد شاہ ہمیشہ کوئی نہ کوئی اچھا کام کرتے رہتے ہیں۔
آرٹس کونسل کراچی میں کووڈ19 ویکسی نیشن سینٹر اس کی ایک کڑی ہے، فنکار برادری کے لیے اچھے کام کرنے پر سندھ گورنمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا،واضح رہے کہ آرٹس کونسل کراچی میں سندھ حکومت کے تعاون سے قائم کووڈ19 ویکسی نیشن سینٹر میں ضعیف العمر افراد جن کی عمر 60سال سے زائد ہے ان کو ویکسی نیشن کی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔





































