
کراچی (رنگ نوڈاٹ کام )صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو
دیکھتے ہوئے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے فیصلہ کیا ہے کہ کراچی پریس کلب، کے یو جے اور پی ایف یو جے کے تمام صحافی آرٹس کونسل میں قائم کرونا ویکسی نیشن سینٹر سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے تمام اراکین فرنٹ لائن ورکرز ہیں، ان کو ویکسین کرانے کی اشد ضرورت ہے، شہر میں قائم دیگر ویکسی نیشن سینٹرز پر دباؤبڑھنے کی وجہ سے آرٹس کونسل صحافی برادری کو یہ سہولت فراہم کررہا ہے کہ وہ اپنے دفتر کے کارڈ کے ہمراہ آرٹس کونسل آئیں اور اس سہولت سے فائدہ اُٹھائیں۔
واضح رہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں گزشتہ 5ماہ سے کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے ،ویکسی نیشن سینٹر کے اوقات صبح دس بجے سے دوپہر تین بجے تک ہیں، اس حوالے سے کسی بھی قسم کی معلومات کے لئے صحافی حضرات میڈیا مینیجر آرٹس کونسل کراچی شہلا محمود سے رابطہ کرسکتے ہیں۔





































