کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستان کے لیجنڈری کامیڈین سینئر اداکارعمر شریف نے وزیراعظم عمران خان سے اپنے بہتر علاج کے لیے مدد
کی اپیل کی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمر شریف ہسپتال کے بستر پر موجود ہیں اور وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کر رہے ہیں۔
اداکار عمر شریف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کا علاج چل رہا ہے، انہیں ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ آپ کا بہتر علاج امریکا میں ہو سکتا ہے، آ پ کو باہر ملک میں جا کر علاج کروانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا جتنا میری قسمت میں لکھا تھا میں نے عمران خان کی شوکت خانم کینسر اسپتال بنانے میں مدد کی۔
میں عمر شریف مخاطب ہوں وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان صاحب سے، عمران خان صاحب جب بھی کوئی چیز کی ہے آپ نے مجھے فون کیا ہے۔ میں نے ہمیشہ آپ کی آواز پر لبیک کہا ہے اسی لیے مجھے یقین ہے آپ بھی میری آواز پر لبیک کہیں گے۔واضح رہے عمر شریف کافی عرصے سے دل کی تکلیف کے ساتھ دیگر تکالیف میں مبتلا ہیں جبکہ ان کی یادداشت بھی خراب ہو گئی ہے۔