
لاہور(شوبز ڈیسک)اداکارہ وپروڈیوسراورمارننگ شوکی میزبان ندا یاسر اکثر اپنے مارننگ شوز کی وجہ سےسوشل میڈیاپرتنقید کانشانہ بنتی ہیں ۔
مگراس بار تو لوگ اتنے زیادہ برہم ہیں کہ ندا پر پابندی کا ہی مطالبہ کردیا ۔
حال ہی میں ندا یاسر کے شو میں ساس بہو کے جھگڑوں سے متعلق مواد پیش کیا گیا اورندا نے اپنے شو میں اصل زندگی کی ساس اور بہو کو مدعو کیا تھا ،جس میں دونوں آن اسکرین ایک دوسرے سے متعلق اپنے اختلافات پر بات کرتی نظر آئیں۔ شو کے دوران ساس، بہو سے متعلق اپنی ڈیمانڈز بتاتی رہی اور اپنی بہو کو پڑھی لکھی ہونے کے باوجود اسے نیچا دکھاتی ہوئی نظر آئی۔
سوشل میڈیا پر ندا یاسر کے شو کی یہ مختصر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین سخت غصے میں آگئے اور ندا کے شو میں دکھائے جانے والے مواد پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔ ٹوئٹر پر مارننگ شو پیش کرنے والے چینل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ندا یاسر اور ان کے بے تکے مارننگ شوز پر پابندی لگائیں۔
علاوہ ازیں انہوں نے ندا یاسر کے مارننگ شوز میں دکھائے جانے والے مواد کو معاشرے کے لیے زہریلا بھی قرار دیا ہے ،جبکہ ندا یاسر کے دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان کے مارننگ شوز پر پابندی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔





































