
لاہور(شوبز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کی ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کی اپیل خارج کردی ہے جس کے
بعدان انہیں بیان پر جرح کیلئے عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس صفدر سلیم شاہد نے گلوکارہ میشا شفیع کی اپیل پر فیصلہ سنا تے ہوئے گلوکارہ کی ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کی اپیل خارج کر دی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل سیشن عدالت نے بھی میشا شفیع کی ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کی درخواست مسترد کر دی تھی جس کے بعد گلوکارہ نے سیشن عدالت کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
میشا شفیع نے موقف اختیار کیا تھا کہ سیشن کورٹ نے حقائق کے برعکس درخواست خارج کی۔ دوران سماعت درخواست گزار گلوکارہ کا موقف تھا کہ وہ کینیڈا میں مقیم ہیں جرح کے لیے پاکستان نہیں آ سکتیں انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بیان پر جرح کا عمل جاری تھا۔ناگزیر وجوہات کی بنا پر کینیڈا واپس آنا پڑا۔میشا شفیع نے عدالت سے استدعاکی تھی کہ عدالت باقی رہ جانے والی جرح ویڈیو لنک کے ذریعے مکمل کروانے کا حکم دے تاہم سیشن عدالت کے بعد اب لاہور ہائیکورٹ نے بھی میشا شفیع کی اپیل مسترد کر دی ہے۔
یاد رہے کہ گلو کارہ میشا شفیع کی جانب سے سال 2019 میں علی ظفر کے خلاف لاہور کی سیشن کورٹ میں ہتک عزت کا دو ارب روپے کا دعوی دائر کیا گیا تھا جسے فروری 2020 میں مسترد کر دیا گیا تھا۔میشا شفیع کی قانونی ٹیم کی رکن نگہت داد کے مطابق اس کیس کو سیشن کورٹ نے اس لیے مسترد کیا تھا کیونکہ علی ظفر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ میرے جانب سے پہلے دائر کردہ کیس اور یہ کیس ایک ہی نوعیت کا ہے۔





































