کراچی(شوبز ڈیسک) پاکستان کےمعروف دانش وراورمزاح نگار انورمقصود نے ڈرامے میں آئٹم سانگ شامل کرنے پر
عوام سے معافی مانگ لی۔
میڈیا سے گفتگو میں انورمقصود نے اپنے سیاسی مزاحیہ تھیٹر ڈرامے ساڑھے 14 اگست میں آئٹم سانگ شامل کرنے پر قوم سے معافی مانگ لی ہے ۔انور مقصود نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ تھیٹر ڈرامہ ساڑھے 14 اگست پاک و ہند کی تاریخ ، تہذیب اور ثقافت پر مبنی ہے، چوں کہ اس وقت کی تہذیب و ثقافت دکھانا مقصد تھا اس لیے آئٹم سانگ کو تھیٹر ڈرامے میں شامل کیا گیا۔
انور مقصودنے کہا کہ جن لوگوں کو برا لگا ہے ان سے معذرت خواہ ہوں لیکن جن کو برا لگا ہے وہ لوگ بھی غور سے دیکھ رہے تھے، ہمارے پاس آئٹم نمبر نہیں ہے، ہمارے پاس ایٹم بم ہے، یہی وجہ ہے کہ اس گانے کے بول پورے ڈرامے کی نسبتاً مختلف ہیں
۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے تصدیق کی کہ ساڑھے 14 اگست ان کی ٹرائلوجی کا آخری حصہ ہے۔اب اس سیریز کا کوئی نیا تھیٹر نہیں آئے گا۔ اگر وہ آئندہ برس تک زندہ رہے تو14 اگست کے نام سے نیا تھیٹر لکھیں گے۔