
کراچی (شوبز ڈیسک ) پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ صبا قمر نے مداحوں کو اپنی بیماری کی اطلاع دی ہے۔
اداکارہ صبا قمر نے انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی جس میں انہوں نے اپنے ہاتھ پر ڈرپ لگی تصاویر شیئر کیں اورساتھ ہی اداکارہ نے اپنی طبیعت ناسازی سے متعلق بھی مطلع کیاہے ۔
اداکارہ صبا قمر نے اسٹوری پر لکھا سیٹ پر دھواں پیدا کرنے کیلئے جو ڈیزل استعمال کیا جاتا ہے ،اس کے باعث میں گزشتہ کچھ دنوں سے پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا ہوں۔
اداکارہ نے مزید لکھا چونکہ یہ لوگوں کی صحت کیلئے انتہائی مضرہوتا ہے۔ پھر بھی میرے منع کرنے کے باوجود کسی نے ایک نہ سنی اور اب میں بہت برا محسوس کررہی ہوں۔
اداکارہ کی بیماری کی اطلاع پر فلم ساز و اداکار سرمد کھوسٹ نے بھی ردعمل دیا اور سیٹ پر ڈیزل استعمال کرنے کو منع کیا، سرمد نے لکھا میری سمجھ سے باہر ہے کہ سینز میں دھواں کیوں دکھانا پڑتا ہے۔ اگر اتنا ہی ضروری ہے تو اس کا متبادل ڈھونڈا جائے۔





































