
لاہور ( شوبزڈیسک ) فلم سٹار اداکارہ میرا نے سالوں بعد اس راز پر سے پردہ اٹھا دیا ہے کہ انہوں نے کیوں بھارتی فلموں میں کام کرنا چھوڑ دیا۔
ایک ٹی وی شو میں میرا اپنی والدہ شفقت رباب کے ساتھ شریک ہوئیں ،دورانِ انٹرویو جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ نے پڑوسی ملک بھارت کی فلموں میں اداکاری کرنا کیوں چھوڑ دی۔ کوئی خاص وجہ؟سوال کا جواب خو د دینے کی بجائے میرا کہتی ہیں کہ اس کا جواب تو میری والدہ دیں گی۔ بیٹی کی فرمائش پر ان کی والدہ نے کہا کہ نظر اور کسک کی شاندار کامیابی کے بعد ان کی بیٹی کو بے شمار فلموں کی آفرز ہونے لگیں مگر ہم نے وہاں جانا ٹھیک نہیں سمجھا کیونکہ وہ پردیس تھا اکیلے وہاں رہنا ایک لڑکی کیلئے بالکل بھی ٹھیک نہیں۔
اداکارہ میرا کی والدہ نے انکشاف کیا کہ اسے آج تک وہاں سے فلموں کی آفرز آتی ہیں، اس موقع پر میرا نے کہا مجھے بھارت واپس نہ جانے کا کوئی افسوس نہیں لیکن یہ دکھ ضرور ہے کہ میں نے ہدایت کار یش چوپڑا کی فلم جب تک ہے جان میں کام کرنے سے انکار کیوں کیا؟ایک سوال پر میرا کی والدہ نے کہا کہ وہاں اس کی دوستی جوہی چاولہ اور ایشوریا رائے سے تھی، مگر وہ اس سے نہیں مجھ سے رابطہ کر لیتی ہیں اور تو اور جوہی تو مجھے اپنی ماں جیسی سمجھتی ہے۔




































