
دبئی ( شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ عائزہ خان بھی متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزہ حاصل کرنے والی معروف شخصیات کی فہرست میں شامل ہوگئیں۔
انہوں نے مداحوں کو خوشخبری سنائی کہ انہیں متحدہ عرب امارات کے گولڈن ویزہ سے نواز دیا گیا۔انہوں نے حکام سے گولڈن ویزہ حاصل کرتے ہوئے یادگار تصویر جاری کی ،جس کے کیپشن میں لکھا کہ میں نے دبئی میں جو ناقابل فراموش یادیں تخلیق کی ہیں خواہ وہ چھٹیوں کے دوران ہوں یا کام پر وہ دنیا بھر کے کسی بھی دوسرے تجربات سے بے مثال ہیں۔
عائزہ خان نے لکھا کہ دبئی مستقل طور پر ایک تعلق اور ہم آہنگی کا احساس فراہم کرتا ہے۔جب بھی یہاں کا وزٹ کریں بالکل گھر جیسا محسوس کرتا ہے،اداکارہ نے اماراتی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجھے اس شہر کا مسلسل دورہ کرنے کی ایک اور وجہ مل گئی ہے،اپنے کیپشن میں انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے جھنڈے کا بھی اضافہ کیا۔




































