لاہور (شوبز ڈیسک ) اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ وہ فی الحال شادی کیلئے تیار نہیں لیکن جب بھی شادی کریں گی تو شوبز سے عارضی طور پر دوری اختیار کرلیں گی۔
سوشل میڈیا پر مہوش حیات کا پرانا انٹرویو وائرل ہورہا ہے ،جس میں انہوں نے اپنے کیریئر، اپنی شادی اور جیون ساتھی کی خوبیوں کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ اداکارہ نے اپنے جیون ساتھی کی خوبیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ میرا شوہر مالی طور پر مستحکم ہو۔ وہ مجھ سے زیادہ پیسہ کماتا ہوتاکہ وہ میرے تمام خرچے باآسانی برداشت کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ میرا شوہر خوش مزاج انسان ہو ،کیونکہ میں خود بہت سنجیدہ ہوں، اس کے علاوہ میرے لیے خوبصورتی معنی نہیں رکھتی۔بس میرا شوہر نیک اور مہربان دل کا مالک ہونا چاہیے،مہوش حیات نے شادی کرنے کے حوالے سے کہا کہ میں شادی کیلئے ذہنی طور پر تیار نہیں ہوں لیکن اگر ہالی ووڈ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو میرے گھر بارات لےکر آئیں گے تو میں فوراً شادی کرلوں گی کیونکہ میں ان پر فِدا ہوں۔