
لاہور(شوبز ڈیسک )پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ ثمن انصاری کا کہنا ہے میں اعلی تعلیم کیلئے کینیڈا گئی تو نانا نانی نے
میری شادی کروا دی، شوہر سے پہلی ملاقات منگنی والے دن ہوئی تھی۔ یہ شادی 16 سال چل سکی۔طلاق کے بعد لوگوں کی باتوں کے ڈر سے پاکستان واپس نہ آسکی۔
حال ہی میں ثمن انصای نے مزاحیہ اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اداکارہ نے نجی زندگی کے حوالے سے کھل کر بات کی،دورانِ انٹرویو انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ میں کم عمری میں اعلی تعلیم کے لیے کینیڈا گئی۔جہاں نانا نانی نے فیصلہ کیا کہ بچی آئی ہوئی ہے تو کیوں نہ اس کی شادی کروا دی جائے جس پر گھر والے راضی ہو گئے۔
اداکارہ نے بتایا کہ نانا نانی نے مسجد میں اعلان کروایا کہ لڑکی آئی ہوئی ہے پڑھنے کے لیے اور شادی کے لیے دستیاب ہے، شادی کے خواہش مند افراد رابطہ کریں۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ اس زمانے میں موبائل فون یا واٹس ایپ نہیں ہوا کرتے تھے، کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں کمیونٹی سسٹم کے تحت اسی طرح شادیوں کے پیغامات بھیجے جاتے تھے۔اداکارہ نے بتایا کہ پہلے شوہر کو منگنی والے دن پہلی بار دیکھا تھا، شادی کے بعد امریکا چلی گئی لیکن شادی اور پڑھائی کے دوران کبھی امریکا تو کبھی کینیڈا آنا جانا لگا رہا، کیونکہ شوہر کی ملازمت کبھی امریکا میں تو کبھی کینیڈا میں رہی۔
ثمن انصاری نے بتایا کہ شادی کے بعد بیٹے کی پیدائش ہوئی، بیٹا جب 6 سال کا تھا تو طلاق ہو گئی، شادی کے 16 سال بعد طلاق ہوئی تو والدین کی اجازت سے پاکستان آنے کی بجائے دبئی جانے کا فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ اداکارہ نے اپنے پہلے شوہر سے طلاق کے بعد 2018 میں امریکا میں قریبی دوستوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں دوسری شادی کر لی تھی۔




































