
لاہور (شوبز ڈیسک) اداکارہ نادیہ خان نے کم عمر میں شادی کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کا لڈو کھا کر بہت عرصے تک پچھتائی ہوں،مجھ پر
والدین کی طرف سے شادی کا کوئی دباﺅ نہیں تھا۔ اس وقت میرا اپنا ہی دماغ خراب ہو گیا تھا، میں نے خود اپنے سر اور پاﺅں پر کلہاڑی ماری۔بس وہ شادی میری ایک ضد اور بے وقوفی تھی کیونکہ اس وقت میرا کیریئر بہت اچھا تھا اور میں دنیا گھوم رہی تھی، لیکن بس اچانک دماغ خراب ہوا تو یہ مکمل طور میری اپنی غلطی ہے کیونکہ میں اپنے والدین کی بات مان کر اس شادی سے بچ سکتی تھی۔ اداکارہ نے مزید بتایا کہ میری والدہ کو خواب میں بھی نظر آیا تھا کہ یہ شادی میرے لیے صحیح نہیں ہے۔
نجی ٹی وی پرو گرام میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ میرے والد تو میرے شادی کے فیصلے کے خلاف تھے اور ان کا کہنا تھا کہ مجھے پہلے اپنے کام پر توجہ دینی چاہیے لیکن شاید اس وقت میرے شادی کرنے کی وجہ میرے ارد گرد کا ماحول تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس وقت میں اپنے ارد گرد کے ماحول کو دیکھ کر یہ سوچنے لگی تھی کہ سب کی شادیاں ہو رہی ہیں بس میں ہی اکیلی رہ گئی ہوں، نادیہ خان نے بتایا کہ مجھے کوئی تجربہ تو تھا نہیں اس وقت کہ ضروری نہیں ہے کہ اگر آپ کو کسی سے محبت ہو گئی ہے تو اس کے ساتھ آپ کی شادی بھی کامیاب ہو گی۔ واضح رہے نادیہ خان کی پہلی دو شادیاں نہ چل سکیں ان کے بعد انہوں نے تیسری شادی جنوری 2021 میں کی، ان کی ایک 20 سالہ بیٹی اور 14 سالہ بیٹا بھی ہے۔





































