
لاہور( شوبز ڈیسک )پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ منال خان نے شکوہ کیا ہے کہ ان کی بہن ایمن خان کو کبھی نفرت نہیں ملتی، مجھے ملتی
ہے۔
شوبز انڈسٹری کی معروف جڑواں بہنیں ایمن خان اور منال خان بچپن سے ہی سکرین کا حصہ رہی ہیں، وہ چائلڈ سٹار کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد کامیاب اداکارائیں، بزنس ویمن، بیویاں اور مائیں بن چکی ہیں، دونوں نے اپنے طویل سفر میں اپنی الگ شناخت بنائی ہے۔
حال ہی میں وہ ایک پروگرام میں بطور مہمان شامل ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کی، منال خان نے دوران گفتگو سوشل میڈیا پر ایمن خان کی مقبولیت پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ ایمن کو ہمیشہ انٹرنیٹ پر محبت اور پزیرائی ملی، خاص طور پر کم عمری میں شادی کرنے اور ماں بننے پر۔
اداکارہ کہنا ہے کہ ایمن نے جب شادی کی اور پھر بچی کی پیدائش ہوئی تب بھی اسے سوشل میڈیا پر بے حد محبت ملی لیکن میرے ساتھ ایسا نہیں ہوا، مجھے کیریئر کو ترجیح دینے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا، پھر میرے کرداروں کو بھی مسلسل نشانہ بنایا گیا، مجھے تو لگتا ہے کہ ایمن خان کو کبھی نفرت نہیں ملتی، ہمیشہ پیار ہی ملتا ہے۔
علاوہ ازیں ایمن خان نے اپنی فیملی کے ساتھ خوش گوار تعلق کے بارے میں گفتگو بھی کی اور بتایا کہ میں اپنے شوہر منیب بٹ، اپنی بیٹیوں امل اور میرال کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے نہیں گھبراتی۔





































