
کراچی ( شوبز ڈیسک ،فوٹو فائل )اداکارہ اور ٹی وی میزبان مشی خان نے گلوکار و ریپر طلحٰہ انجم کو نیپال میں بھارتی پرچم
لہرانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ مشی خان کا کہنا ہے کہ "انہیں بھارتی پرچم لہرانے پر شرم آنی چاہیے، ہندوستانی ہمیں گالیاں دیتے ہیں اور ہم ان کا پرچم اٹھا رہے ہیں"۔
طلحٰہ انجم کی جانب سے نیپال میں ہونے والے ایک کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد صارفین نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
تنقید کے جواب میں گلوکار نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دل میں کسی کے لیے نفرت نہیں اور فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کے اس عمل سے تنازع پیدا ہوا ہے تو وہ بھارتی پرچم دوبارہ بھی لہرا سکتے ہیں۔طلحٰہ انجم کے اسی مؤقف پر مشی خان نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے عمل پر افسوس ہونا چاہیے نہ کہ ضد دکھانی چاہیے۔




































