کراچی (شوبز ڈیسک)صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے کہا ہےکہ آرٹس کونسل کراچی سال میں ساڑھے پانچ سو پروگرام
منعقد کرتا ہے۔23 جنوری کو پاکستان یوتھ فیسٹیول کا آغاز ہو گا جس کا افتتاح وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کریں گے جو 29 جنوری تک جاری رہے گا۔
ان خیالات کا اظہارانہوں آرٹس کونسل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کامیاب نوجوانوں کو دو لاکھ روپے انعام دیا جائے گا،کورونا کی وجہ سے یوتھ فیسٹیول کا تسلسل ٹوٹ گیا تھا جس کو دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، آخری یوتھ فیسٹیول میں پچاس ہزار نوجوانوں نے شرکت کی تھی۔
اس موقع پر معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود ، سیکرٹری آرٹس کونسل پروفیسر اعجاز فاروقی نے بھی خطاب کیا۔صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے کہا کہ اس فیسٹیول میں کامیاب نوجوانوں کیلئے انعام کی رقم میں اضافہ کر کے دو لاکھ روپے کر دیا ہے اور جو پوزیشن نہیں لے سکیں گے ان کو تین سال کا ڈپلومہ مفت میں کرائیں گے۔
احمد شاہ نے کہا کہ شہر کی تمام جامعات اور کالجوں کے طالب علموں کو اس فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے کہ وہ اپنی پسند کے شعبہ میں حصہ لیں، لیکن ایسا باصلاحیت نوجوان اگر کسی ادارے میں زیر تعلیم نہیں اور کسی شعبہ میں حصہ لینا چاہے تو اس کو بھی اجازت ہو گی۔
پاکستان یوتھ فیسٹیول میں پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر ، احمد جہانزیب، کیفی خلیل، وہاب بگٹی، نتاشا بیگ، ساحر علی بگا، ارمان رحیم ، آفاق عدنان، اوج بینڈ، کشمیر بینڈ سمیت مختلف بینڈز اور گلوکار پرفارم کریں گے