
لاہور(تعلیم ڈیسک)پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے چھٹی، ساتویں اورآٹھویں جماعت کی سنگل نیشنل کریکولم کے تحت شائع ہونے والی
تین نصابی کتابوں کو آئندہ تعلیمی سال سے اردو زبان میں چھاپنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔محکمہ کے مطابق تاریخ، جغرافیہ اور اسلامیات ورک بک اردو زبان میں شائع کی جائیں گی تاکہ طلبا کو نصاب سمجھنے میں آسانی ہو۔ترجمان ٹیکسٹ بک بورڈ کا کہنا ہے کہ طلبا کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا کیونکہ انگریزی زبان میں کتابوں کی اشاعت کے باعث بچوں کو سمجھنے میں مشکلات پیش آتی تھیں۔
طلبہ کو انگریزی پر عبور نہ ہونے کی وجہ سے اکثر بازار سے اردو ترجمہ شدہ کتابیں خریدنا پڑتی تھیں، جس سے مالی بوجھ بھی بڑھ جاتا تھا،بورڈ حکام نے بتایا کہ انگریزی کتب کی وجہ سے طلبا کے امتحانی نتائج بھی متاثر ہوتے تھے، لہٰذا اردو میں کتابوں کی اشاعت سے تعلیمی معیار بہتر ہونے کی امید ہے،محکمہ تعلیم نے تمام اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے پہلے اردو زبان میں کتابوں کی تدریس کی مکمل تیاری کر لی جائے۔





































