
افروز عنایت
لاکھوں درود و سلام میرے نبی کریم کی ذات اقدس پر ۔۔
ماشاءاللہ۔۔۔۔ رب العزت نے کائنات میں روشنی اور اجالا پھیلانے کے لیے آپ کو مبعوث فرمایا ۔ جہالت اور گمراہی میں ڈوبی اس زمین میں اجالا پھیلانے کے لیے جن خوبیوں سے آراستہ کسی ہستی کی ضرورت تھی ، وہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہی کی ذات اقدس تھی، اللہ رب العزت نے آپ کو ہر قسم کی صفات سے آراستہ کرکے اس جہاں میں جلوہ افروز کیا جو نہ صرف اس وقت کا تقاضا تھا بلکہ آج سے قیامت تک کے انسانوں کے لئے ہدایت کا ذریعہ ہے۔ ــ سبحان اللہ
امت مسلمہ کو دنیا و آخرت کو سنوارنے کے لئے ہر قسم کی تعلیم و تربیت آپ کی ذات اقدس سے مل سکتی ہے، اسی لئے ہمیں اتباع رسول کا حکم دیا گیا ہے۔۔ سبحان الله
ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ "رسول کی اطاعت کرو اوراپنے عملوں کو باطل نہ کرو " (پارہ 26)
یعنی آپ کے اسوہ کی پیروی لازمی ہے اور اسی میں ہماری بھلائی پوشیدہ ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت کے تمام اسباق سے ہمیں بھر پور فائدہ حاصل ہوتا ہے ،چاہے وہ دنیاوی معاملات ہوں یا آخرت کے معاملات
مثلاً آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے انسانی صحت کے لئے بہترین اصول بتائے ہیں جیسا کہ اللہ کے رسول صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ " اللہ رب العزت نے بیماری اور دوا دونوں چیزیں اتاری ہیں اور ہر بیماری کے لیے دوا بنائی ہے پھر اگر تم (اگر بیمار ہو جاؤ تو) دوا کیا کرو اور حرام چیز سے دوا نہ کیا کرو "(ابو داؤد)
اسی طرح حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا " اے علی یہ (کھجور) نہ کھاؤ کہ تم کمزور ہو پھر میں نے چقندر اور جو تیار کیا حضور اکرم نے فرمایا؛ اےعلی اس میں سےکھالو یہ تمہارے موافق ہے "(ترمذی ، ابن ماجہ)
موجدہ طب کی روشنی میں جدید ریسرچ سے چقندر اور جو کی افادیت ہم سب کو معلوم ہے کہ یہ دونوں چیزیں ہیمو گلوبین کے لیے اور جسم کی قوت اور طاقت کو بڑھانے کے لئے اہم قدرتی اجزاء ہیں۔اسی طرح آپ نے بھوکے رہنے کو پسند نہیں فرمایا اور مومن کا قوی ہونا پسند فرمایا ہے؛ مسلم شریف کی حدیث مبارکہ ہے کہ آپ نے فرمایا کہ؛؛ مومن قوی (قوت والا) مومن ضعیف (کمزور) سے بہتر اور خدا کو زیادہ پیارا ہے اور یہ سب میں خوبی ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپنی ذات اور نفس کو بے جا تکلیف اور پریشانی سے بچنے کی تاکید فرمائی ہے ترمذی شریف کی حدیث مبارکہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ نہیں لائق مومن کو کہ اپنے نفس کو ذلیل کرے،صحابہ کرام نے عرض کیا ،اے اللہ کے رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم مومن اپنے نفس کو کیوں کر ذلیل کرتاہے؟؟ آپ نے فرمایا جس بلا کو سہار نہ سکے اس کا مقابلہ کرے۔یعنی جان بوجھ کر اپنی ذات کو مشکل میں نہ ڈالے جو اپنی طاقت میں نہ ہواس مشکل سے اپنی ذات کو بچائے۔
طبی لحاظ سے اس مختصر جائزے سے اندازہ لگائیں کہ اللہ کے نبی کریم کو رحمت العالمين کے درجے پر فائز کیا گیا ہے وہ کیوں؟؟
یہ رحمت العالمين کی اپنی امت سے ایک چھوٹی سی محبت کی تصویر ہے ،آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم تو سراپا رحمت تھے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی امت کی بھلائی کے خواہاں تھےاور آخرت میں آپ کی رحمت کی تجلی و شفاعت سے امت بہرہ مند کرنا ہوگی ، انشاءاللہ




































