
عصمت اسامہ
آج کل دوواقعات زبان زدعام ہیں۔ ایک چہارسو پاکستانیوں کی کشتی یونان کے ساحل پر ڈوبنے کا، دوسرا داؤد گروپ آف کمپنیز کے مالک باپ
اوربیٹے کا جو پانچ لاکھ ڈالر کا ٹکٹ لےکر ایک ڈوبےہوئےبحری جہاز کا ملبہ دیکھنے کے لئے آبدوز میں بیٹھ کرگئے۔عوام ان دونوں پےدرپے واقعات سے پریشان ہیں ۔ صدمے میں کوئی کسی کو غلط کہہ رہا ہے،کوئی کسی کو درست قرار دے رہا ہے۔
کسی کے خیال میں ان پاکستانیوں کو بیرون ملک جانےکےقانونی راستے بھی مل سکتے تھےپھروہ غیر قانونی راستے سے کیوں گئے ؟ کوئی انہیں روزگار کی تلاش میں شہید کا درجہ دے رہا ہے۔ کسی کے خیال میں ان باپ بیٹے کو اتنا خرچہ کرکے ڈوبے ہوئے جہاز کو دیکھنے کے لئے جانا ،اسراف کے زمرہ میں آتا ہے۔ کوئی ان کی آبدوز ڈوبنےکا واقعہ سمپسن کارٹونز میں پیشگی موجود ہونےکی اطلاع دے رہا اوربین الاقوامی سازش کا نام دے رہا ہے۔
کوئی ان کےخیراتی کاموں کےبارے میں لکھ رہا ہے۔انسانوں کے ساتھ حسن سلوک کی گواہی دے رہا ہے ۔ رکیے جناب ،ہم کسی کی جنت دوزخ کا فیصلہ کرنےوالے کون ہوتے ہیں ۔ کسی کےاعمال کو تولنےوالا ترازو ہم انسانوں کے پاس کہاں ہے ؟
دل دریا سمندروں ڈونگے
کون دلاں دیاں جانے ہو
نیتوں اوردلوں کا حال جاننے والی صرف ایک ذات ہے،وہ رب العالمین ہے۔کس نے کون سی نیکی کس نیت کےساتھ کی وہ صرف خداجانتا ہے ،کوئی انسان نہیں جان سکتا کب بندہ خدا سےڈر گیااوراپنی اصلاح کرلی ۔ کس کےاعمال غلط تھے یا دکھاوے کے لئےتھے،کون جان سکتا ہے؟
کرونا کےدنوں میں ایک عجیب تجربہ ہواجب کرونا کےبخار نےہر گھر میں ڈیرے جمائے،وہ کھانا جوسب کو لذیذ لگا کرتا تھا ،اس کی کیفیت بدل گئی۔ کسی نے اسے پھیکا قرار دیا تو کسی کو وہ زہر جیسا کڑوا لگنا شروع ہوگیا ۔ ہر ایک کے منہ کا ذائقہ مختلف ہونےکی وجہ سے کھانے کا ذائقہ بھی مختلف لگنے لگا، جب کہ حقیقت میں وہ نہ پھیکا تھا اور نہ ہی کڑوا ۔
باکل یہی حقیقت اس ذائقے کی ہےجس کے بارے میں قرآن پاک میں فرمایا گیا کہ
" ہرجان نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے اور روزقیامت تمہیں تمہارے اجرپورے پورے دئیے جائیں گےتو جسے آگ سے بچایا گیا اور جنت میں داخل کردیا گیا وہ کامیاب ہوگیا اور دنیا کی زندگی تو محض دھوکے کا سامان ہے " "سورہ آل عمران ،185.
ہر انسان کو اپنے اعمال کی وجہ سےموت کا ذائقہ مختلف لگےگا، جن کےاعمال صالح اور بارگاہ الہیٰ میں مقبول ہوں گے۔ ان کےلئے موت یقیناً رب سےملاقات کا ذریعہ ہوگی اور جن کے اعمال کو وہاں رد کردیا گیا ان کے لئے موت کا ذائقہ یقیناً تکلیف دہ ہوگا۔ مرنا توبہرحال سب کوہے لیکن اتنی اموات کا تذکرہ ہمیں اپنی موت کی یاددہانی بھی کرواتا ہے کہ ہم نے اگلے جہان کی کیا تیاری کی ہے۔ کچھ عبادات ،کچھ حقوق العباد ہمیں جنت تک لےسکیں گے ؟خدانخواستہ اگراچانک مہلت زندگی ختم ہوگئی تو ہم کیا اعمال لےکرخدا کی بارگاہ میں پیش ہوں گے ؟خدارا،دوسروں کے اعمال کا جج بننے کی بجائے اپنی آخرت کی تیاری میں لگ جائیں ۔
سب ٹھاٹھ پڑا رہ جائے گا
جب لاد چلے گا بنجارہ




































