
عصمت اسامہ
گزشتہ دو ماہ سے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم ایک خاص قسم کے پروپیگنڈہ کی زد میں نظر آرہے ہیں،مختلف قسم کے مذاق کے ذریعے کبھی
"پاکستانی عوام کو نادان قرار"دیا جارہا ہے تو کبھی "آزادی " کے بارے میں شکوک وشبہات پیدا کئےجارہے ہیں۔آپ نے بھی کوئی میسج پڑھا ہوگا جس میں پاکستان کی معیشت کا موازنہ کبھی بنگلہ دیش سے،کبھی بھارت سے اور کبھی افغانستان سےکیا گیا ہوگا؟
اس یوم آزادی پرایسےدلخراش واقعات سننےکو مل رہے ہیں کہ کسی سیاسی پارٹی کے چند نادان ورکرز نےبیرون ملک ،پاکستانی گرین پاسپورٹ کوجلادیا اور کسی نے چاند ستارے والا پرچم اتارکے اپنی سیاسی پارٹی کا پرچم لگا دیا۔
نئی میڈیا کمپین یہ کی جارہی ہے کہ اس سال خدانخواستہ قوم یومِ آزادی نہ منائےکیوں کہ حالات خراب ہیں ( حالات جیسے بھی ہوں ،تاریخی کامیابیاں ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہیں )۔
دو دن سے واہگہ بارڈر کی یہ تصویر(جونہ جانے کتنی پرانی ہے )فیس بک پر گردش کر رہی ہے جس کے ذریعے قوم کا حوصلہ پست کرنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے کہ پاکستانی قوم ،واہگہ بارڈر پر فلیگ مارچ دیکھنے نہیں جارہا،البتہ بھارتی عوام کی کثیر تعداد اپنے وطن سے محبت کا ثبوت دینے کے لئے بارڈر پر موجود ہے۔
غیر ممکن ہے کہ حالات کی گتھی سلجھے
اہل دانش نے بہت سوچ کے الجھائی ہے !
یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ مسلمان کبھی مایوس نہیں ہوتا ،کیوں کہ وہ اس رب پریقین رکھتا ہے جو "ہر مشکل کو دور کرنے پرقادر ہے"جو رات سے دن کو نکال لاتا ہے اوربنجر زمین پر بارش برسا کر اسے ہرا بھرا کردیتا ہے۔
سوال پیدا ہوتا ہےکہ ہم" یومِ آزادی " کی ناقدری کیسے کرسکتے ہیں جب ہمارے بزرگوں نے خون بہا کر یہ خطہء زمین حاصل کیا۔
ملا نہیں یہ وطن پاک ہم کو تحفے میں
ہزاروں دیپ بجھے ہیں تو یہ چراغ جلا
شکرانےکے نوافل کے ساتھ یومِ آزادی منائیں، آپ کشمیریوں اورشامی مسلمانوں سے بہت بہتر زندگی گزار رہے ہیں۔
اس آزاد وطن کی قدر کریں ،اس دھرتی ماں کے دامن سے وابستہ رہیں ۔اپنی تاریخ کو یاد رکھیں ،نظریہء پاکستان سے اپنے بچوں کو آگاہ کریں اور واہگہ بارڈر پر جا کے اس سفر_ ہجرت کو محسوس کریں جو دراصل کئی صدیوں پر محیط تھا ۔پاکستان کا مطلب کیا ؟ لا الہ الااللہ ۔ ہمارے لئے پاکستان ایک خطہء زمین نہیں بلکہ ایمان کا حصہ ہے۔ایک آسمانی امانت ہے ،اس امانت کی حفاظت ہر پاکستانی کا فرض ہے۔(افواہوں سے ہوشیار رہیے گا)
پاکستان زندہ باد




































