
عصمت اسامہ
بچپن میں ہم سہیلیاں کانچ کی چوڑی کوتوڑکے اس کے ذرے دیکھا کرتی تھیں،جس کے ٹکڑے بڑے رہتے،اسے کہا جاتا کہ تمہارا دل مضبوط
ہےاورجس کے ذرے باریک ہوتےاس کا دل چھوٹا قرار پاتاخیر یہ توبچپن کا ایک کھیل تھا ،بڑےہونے پراردو ادب کے توسط سے ایک لفظ " اعلیٰ ظرف" نظر سے گذرا جس کا معانی "بڑا پیمانہ" سمجھایا گیا،اصطلاحا" دوسرے انسانوں سے اچھا سلوک کرنے والا، ان کی خطاؤں سے درگزر کرنے والا ،حق سے زیادہ عطا کرنے والا انسان مراد لیا گیامگر اس وقت تک اس کے مکمل معانی سمجھ میں نہیں آئے تھے،جب تک عملی زندگی میں قدم نہیں رکھا تھا ۔مختلف طرح کے انسانوں سے واسطہ پڑا تومعلوم ہوا کہ اس جہان میں اعلیٰ ظرف لوگ خال خال ہیں ۔ زیادہ تر انسان کم ظرف یا تنگ دل ہی پائے جاتے ہیں ( الا ماشاءاللہ).
قرآن پاک میں اس طرح کی نفسیات کےحامل افراد کےبارے میں یوں بیان کیا گیا ہے۔ ترجمہ" کم تولنے والوں کےلئے خرابی ہے،وہ لوگ جب دوسروں سے لیں تو پوراوصول کریں اور جب انہیں ماپ یا تول کردیں تو کم کردیں۔ کیا ان لوگوں کو گمان نہیں کہ انھیں اٹھنا ہےایک بڑے عظمت والے دن کے لئےجب سب لوگ اللہ رب العالمین کےحضور کھڑے ہوں گے"۔(سورہء المطففین،آیات 1 تا6)۔ان آیات میں خریدو فروخت کے وقت جو ڈنڈی ماری جاتی ہے۔ اس کا بیان ہے اور یہ بھی کہ آخرت میں جب رب العالمین کے حضورکھڑے ہوکراپنےاعمال کی جواب دہی کرنی پڑے گی تو کسی کا حال چھپا نہیں رہ جائے گا۔ لہذا اس وقت سے ڈرنا چاہیے۔ بندگان الہی کےحقوق کی ادائیگی میں کمی کرنا،ایک معاشرتی رویہ بن چکا ہےاورظلم وناانصافی کی ایک صورت ہے۔ المیہ تویہ ہے کہ یہ برائی اتنی عام ہےکہ لوگ اسے معمولی سمجھتے ہیں ۔اس کی کئی صورتیں ہیں مثلاً اداروں اور محکموں میں افسران کا کسی ورکر کی قابلیت اور میرٹ کا انکارکردینا۔ اس کی پروموشن میں تاخیر کرنا،کسی کی عمدہ پرفارمینس پرحوصلہ افزائی کرنے سےقصداً خاموش رہنا ،اقربا پروری ،خاندانوں میں حق وراثت میں کمی بیشی کرنا ،خصوصا" بہنوں ،بیٹییوں اور یتیموں کوان کےحق سےمحروم رکھنا،شوہرکا اپنی بیوی کونان نفقہ سے محروم اور تنگ دست رکھنا ،غریب رشتہ داروں سے میل جول نہ رکھنا،ان کی خوشی غمی میں شامل نہ ہونا۔ انہیں اپنی تقریبات میں مدعو نہ کرنا، معاشرتی اسٹیٹس رکھنے والے خاندانوں ( مثلاً بزنس مین یا جاگیر داروں ) کا ایک دوسرے سے گہرے روابط رکھنا اور کمزورسفید پوش طبقےسے میل جول سے پرہیز کرنا ۔
حال یہ ہے کہ جس انسان کے پاس کوئی عہدہ یا منصب ہوتا ہے اس کی کوشش ہوتی ہےکہ اسے کسی کم مرتبہ شخص سے مصافحہ بھی نہ کرنا پڑے۔ نہ سلام کا جواب دینے کی زحمت کرنی پڑے۔ واٹس ایپ پر ایسے افراد نے اپنی سیٹنگ تبدیل کر رکھی ہوتی ہےکہ میسج وصول کرنے پربلیو ٹک شو نہ ہوں تاکہ دوسرے کے میسج سےانجان بنے رہیں اورجوابی میسج نہ ہی بھیجنا پڑے ۔۔۔۔الامان والحفیظ۔ بقول خود :
سر موسم کچھ نہیں کہتے اے دوست
سرد چہرے،سرد لہجےمگر توڑ جاتے ہیں
درج بالا چند معاشرتی برائیوں اور رویوں کا ذکر کرنے کا مقصد صرف اصلاح کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس لئے کہ بہرحال مسلمانوں کو اپنے تعلقات اورمعاملات کے بارے میں اپنی جواب دہی کی فکر کرنا ضروری ہے ۔ کیا ہو کہ اگر ہم دوسروں کو ان کے حقوق ادا کرنے میں بخل اور پہلو تہی سے کام لیتے ہیں ۔کہیں اس کی وجہ سے رب العزت ہمیں اپنی جنتوں سے محروم نہ کردے۔




































