
عصمت اسامہ
مومن کا دل ،حصول علم سے نہیں بھرتا ،یہی لگن لگی رہتی ہے کہ جتنا علم ہےاس سے آگے سیکھا جائے۔ یہ خواہش بہت مفید ہےجسےمل جائے ! حال ہی
میں جسارت کی ایڈیٹرغزالہ عزیز کی کراچی سے لاہور آمد ہوئی تو صفیہ ناصرنے ان کے ساتھ نشست کے لئے مجھے "قواریرسینٹر" مدعو کیا جہاں وہ پہلے سے موجود تھیں۔اس مختصر ملاقات اورتبادلہ ء خیال سے تشفی نہ ہوئی تو پھران کے ساتھ ایک زوم کلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں منتخب لکھاری خواتین نےشرکت کی."عصرحاضر میں پرنٹ میڈیا کی اہمیت " کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے غزالہ عزیز نے کہا کہ میڈیا پربولنے والا بھی لکھی ہوئی تحریرپڑھتا ہے،اس سے لکھنے کی اہمیت کا پتا چلتا ہے ۔معیاری تحریر لکھنے کے لئے مطالعہ ،محنت اور لگن ضروری ہے،بالکل جیسے کھانا پکاتے ہوئے مسالےڈال کرپکانے ہوتے ہیں ۔
لکھاری کی حوصلہ افزائی ضروری ہے،حوصلہ افزائی کسی ناکام شخص کو بھی کامیاب بنا سکتی ہے ۔
وقت کے ساتھ اپنی اسکلز کو بہتر کرتے رہنا چاہیے ،پرانی کتابوں کے ساتھ نئی کتابوں کو پڑھنا بھی ضروری ہے۔ مختلف اصناف کا علم ہونا چاہیے،میں خواتین لکھاریوں کو " کہانی " لکھنےکا مشورہ دوں گی ،خصوصا" بچوں کے لئے کہانی لکھنےکو اپنی صلاحیت کی " زکوٰۃ " سمجھیں کہ یہ ہرعمر کے بچوں کی ضرورت ہے۔ بچے فطرت سے قریب ہوتے ہیں ،اس لئے آپ بچوں کی کہانیوں میں درختوں ،جانوروں حتیٰ کہ چیونٹی کے کردار کے ذریعے بھی کہانی لکھ سکتے ہیں۔ بچوں کا تخیل زرخیز ہوتا ہے۔ اس میں اخذیت اور متاثر ہونے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے۔ موجودہ دور میں موبائل گیمزاور کارٹونز نے بچوں کے تخیل کو متاثر کیا ہے۔
نیٹ پر لکھنے سے پہلے پرنٹ میڈیا پرلکھیے اس سے آپ کی تحریرمعتبر ہوجاتی ہے ۔اگر آپ بلاگ لکھتےہیں تویہ مختصر،دو ٹوک اور مدلل لکھیں ،انداز دوستانہ ہو،تنقید اورطنز کا اندازنہ ہو۔ اعدادوشمار تحقیق کرکےدرست درج کریں۔
پڑھنے والےکی ذہنی سطح کو سمجھ کرلکھیں ۔یہ نہ ہوکہ آپ کا چھوڑا ہوا تیر لوٹ کے واپس آپ کی طرف آجائے۔ اس کے بعد لکھاری خواتین نے غزالہ عزیز سے سوالات کئے اور انہیں جوابات دیے گئے۔ دعا سے اس خوب صورت نشست کا اختتام ہوا۔ لکھاری خواتین نے اپنے فیڈ بیک میں کہا کہ ایسی نشستیں لکھاریوں کے لئے بہت مفید ہیں اس لئےوقتاً فوقتاً ہوتی رہنی چاہئیں




































