
عصمت اسامہ
بدلتے ہوئے موسم میں جہاں ہم بچوں کوٹھنڈ سے بچاتے اور ان کا خیال رکھتے ہیں ،اسی طرح گھرمیں موجود بڑے بزرگوں کا بھی رکھنا چاہیے۔اسکول کے
لئے نکلتے وقت بچوں کوسوئٹر ٹوپی وغیرہ پہنات ہیں لیکن معمرافراد کو مسجد جاتے وقت شال یا موزے دینا بھول جاتے ہیں۔خصوصاًجن کی عمر 70 سال یا اس کے لگ بھگ ہوتی ہے۔ ان کی ضروریات کا خیال رکھنا ،موسم کے مطابق لباس فراہم کرنا ،وضو اورغسل کے لئے نیم گرم پانی دینا ،بستر کا آرام دہ ہونا بہت ضروری ہے۔اگر انہیں کھانےمیں کسی چیز سے پرہیز ہے تو ان کے لئے پرہیزی کھانا بنانا، وقت پردوا دینا،کبھی ان کے پاؤں دبانا ،سر کا مساج کرنا،ان کی آپ بیتیاں سن لینا۔ ہمیں ان کی قیمتی ترین دعائیں دلاسکتا ہے۔ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ انہوں نے اپنی زندگی کا پرائم ٹائم ہمیں دیا ہے اورعمر کے اس حصے میں جب وہ اپنا خیال خود نہیں رکھ سکتےتو ہمیں ان کا خیال رکھتے ہوئے اللہ سے ڈرنا چاہیے کہ وہ توسب کچھ جانتا ہے۔
بڑھتی عمر کے زیرِاثر کبھی وہ ایک ہی بات کو بار بار کرنے لگ جاتے ہیں تو صبر سے سن لینا چاہیے۔اگر وہ فیملی میں کسی سے ناراض یا غصہ ہوں تو حکمت سے کوئی مثبت بات کرکےان کا دل صاف کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ٹوٹے رشتوں کو جوڑنا بہترین عبادت ہے۔
کبھی وقت نکال کے ان کی مشکلات کو محسوس کرنا چاہیےکہ وہ کس وجہ سے پریشان ہیں جن بزرگوں کے پاس پوتوں پوتیوں ،نواسوں کی بھیڑ لگی رہتی ہے وہ نسبتاً زیادہ مطمئن رہتے ہیں۔ با نسبت ان کے جو گوشہء تنہائی میں رہ رہے ہوں۔ بڑھاپا اپنےساتھ کمزوری ،بے بسی، لاچاری لاتا ہےاور بوڑھے افراد بعض اوقات "عدم تحفظ" کے احساس میں مبتلا ہو جاتے ہیں کہ ایسا نہ ہوجائے، ویسا نہ ہوجائے۔ایسے میں اولاد کو ان کے پاس رہ کر انہیں اطمینان دلانا چاہیے۔
والدین بہت خوددار ہوتے ہیں،جوان اولاد کےسامنے اپنی ضروریات کا تذکرہ نہیں کرتے مگراولاد کو خود یہ محسوس کرنا چاہیے۔ ٹی وی چینلز کی بریکنگ نیوز اچھےبھلے انسان کو پریشان کردیتی ہیں تو بڑے بزرگوں کو ایسی خوف ناک خبروں سے دور ہی رکھا جائے تو بہتر ہوتا ہے۔ کبھی انہیں یہ احساس نہ دلائیں کہ آپ کی معلومات ان سےزیادہ ہیں۔
ایک بار ایک ضعیف ماں نےاپنی بیٹی سے کہا کہ آج کھانا مزے کا بنا ہے،کہاں سےسیکھا ہے ؟ بیٹی نے کہا کہ امی ،آپ سے ہی سیکھا ہے اوردونوں مسکرادیں۔




































