
عصمت اسامہ /لاہور
حکومت،عوام کی نمائندہ ہوتی ہے اورآئین پاکستان کی رو سےحکومتی ادارے قرآن وسنت کی روشنی میں چلائے جائیں گے،کوئی ایسا حکم یا فیصلہ صادرنہیں
کیا جائے گا جو آئین پاکستان کےمنافی ہو۔ حال ہی میں حکومت پنجاب نےصوبےبھرمیں محافل موسیقی،حتی' کہ تعلیمی اداروں میں بھی موسیقی کےمقابلے کروانے کاحکم جاری کیا ہے،جس کی کوئی وجہ اوردلیل نہیں ملتی۔یہ غریب عوام کا ملک ہے جوانتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لئےگھنٹوں قطاروں میں کھڑے رہتے ہیں تاکہ ان کے منتخب نمائندے ان کے مسائل حل کرسکیں۔
عوام کا مسئلہ مہنگائی ہے،کسان سےسرکاری سطح پرگندم نہیں خرید جارہی،روٹی کابحران سرپرکھڑاہے، والدین اپنے بچوں کےمستقبل کی خاطراپنی ضروریات کی قربانی دیتےہیں،انہیں مہنگی تعلیم دلانےکے لئے ماں اورباپ دونوں کوجاب کرنا پڑرہی ہے۔ کیا اس لئے کہ ان کے بچے تعلیمی اداروں میں حصولِ علم کی بجائےراگ رنگ سیکھیں؟وہ نصاب تعلیم پڑھنےکی بجائےناچ گانےجیسے فضول کاموں میں لگ جائیں ؟ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے،سائنس اورٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا کہاں جارہی ہےاورہمارےعوام کوکن کاموں میں الجھایا جارہا ہے؟اساتذہ کی تنخواہیں بڑھانےکےلئےحکومت کے پاس بجٹ نہیں ہوتا،اس سال نصاب تعلیم میں ناظرہ قرآن کی کتب شائع نہیں کی گئیں کہ بجٹ موجود نہیں ہے۔سوال یہ ہےکہ کیا موسیقی کےمقابلہ جات کے لئے بجٹ موجود ہے؟عوام کا مطالبہ ہےکہ حکومت پنجاب اپنا یہ فیصلہ فی الفورواپس لے۔
نوٹ: ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )




































