
کراچی (نمائندہ رنگ نو )ٹیم کراچی ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے ہمدرد پاکستان کے تعاون سےکم وسائل کے حامل۱۰۰ گھرانوں کی بچیوں کی
شادی کے لیے جہیز کی مد میں سامان فراہم کیا گیا۔
اس حوالے سے شہر کراچی کے مقامی ہال میں حالیہ دنوں میں خصوصی تقریب کا انعقادعمل میں لایا گیا،جس میں ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے بہ طور مہمان خصوصی شرکت فرمائی اور ضرورت مند لوگوں میں سامان تقسیم کیا۔ اُن کے ہمراہ ہمدرد پاکستان چیف آپریٹنگ آفیسر فیصل ندیم، گروپ ڈائریکٹر ایچ آر ابو طالب بھٹو اور ڈائریکٹر ہمدرد فائونڈیشن پاکستان سید محمد ارسلان تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محترمہ سعدیہ راشد نے کہا کہ بہ طور قوم ہم سب میں صلہ رحمی کا جذبہ ہونا چاہیے۔ سفید پوش ہم وطن ہم سے فریاد نہیں کرپاتے، ہمیں ازخود اپنے پڑوسیوں اعزہ و اقارب کی مجبوریوں اور تکالیف کو سمجھنا ہوتا ہے۔
سید محمد ارسلان نے میڈیا کے نمائندگان سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہمدرد پاکستان اساسی طور پر ایک فلاحی ادارہ جس کا منتہائے مقصود خدمت خلق ہے۔ اسی لیے ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے تحت نہ صرف متفرق رفاہی اقدامات کیے جاتے ہیں بلکہ ٹیم پاکستان جیسے رفاہی اداروں کی حوصلہ افزائی اور معاونت بھی کی جاتی ہے۔
ٹیم کراچی کی جانب سےصدر ثاقب ذیشان، نائب صدر ذیشان الرب جعفری، بورڈ ممبر محمود ارشد اور بورڈ ممبر مفتی شاکر صدیقی صاحب بہ طور میزبان موجودتھے۔
ہمدرد پاکستان کے بھرپور تعاون سے جو بنیادی سامان فراہم کیا گیا اُس میں ڈنر سیٹ، باتھ سیٹ بالٹی ڈونگے وغیرہ، کولرجگ گلاس کے سیٹ، جوسر مشین، ایک عدد استری، چکلا بیلن،کدوکش، توا، فرائی پین، ٹرے سیٹ، کچن سیٹ، اسٹیل تھرماس، واٹر سیٹ، مصالحہ دان، چائے سیٹ،چھنّی، پتیلوں کا سیٹ، سلائی مشین، واشنگ مشین، پنکھا اور دلہن کے لیے تین عدد جوڑے بہ شمول نقد رقم شامل ہیں۔





































