
کراچی (نمائندہ رنگ نو ) کراچی میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے خطرات کے پیش نظرالخدمت نے شہر کے 12مقامات پر ریلیف کیمپس قائم کر
دیئے،جہاں شہریوں کو ٹھنڈے مشروبات اورپینے کا صاف پانی فراہم کیا گیا اورہیٹ اسٹروک سے بچاؤکیلئےآگاہی فراہم کی جارہی ہے ۔
الخدمت کے رضاکار شہریوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کررہے ہیں۔گزشتہ روز بڑی تعداد میں کیمپس پر شہریوں کو پینے کے پا نی کی بوتلیں فراہم کی گئیںاور انہیں حفاظتی تدا بیر سے آگاہ کیا گیا ۔ ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ وکمیونٹی سروسز الخدمت کراچی قاضی سیدصدرالدین نے کہا ہے کہ 21 سے 27 مئی تک ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی گئی تھی،جس کے پیش نظرالخدمت نے شہر کے 12 مقامات پر کیمپس قائم کر دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے لوگوں میں آگاہی ضروری ہے ۔
دوپہر کے اوقات میں گھر وں سے نکلنے میں احتیاط برتی جائے۔اس حوالے سےبچوں اور بزرگوں کا خیال رکھا جانا انتہائی ضروری ہے ۔ گھر سے باہر یا کام کی جگہ جاتے ہوئے پانی کی بوتل ساتھ رکھیں ۔قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ الخدمت کے رضاکار کسی بھی ممکنہ خطرہ کے پیش نظر الرٹ ہیں اور شہریوں کو مدد فراہم کر نے کے لیے مستعد اور تیار ہیں۔





































