
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبرایجنسی)حکومت کو کرپشن کے خلاف اقدامات اوردعوے دم توڑ گئے ہیں ملک کے اندر کرپشن میں بڑی حد
تک اضافہ ہوا ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق کرپشن کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی صورتحال مزید خراب ہوگئی۔
پاکستان کرپشن کی عالمی درجہ بندی میں بہتری کی بجائے تنزلی کی جانب چلا گیا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کہا کہ حکومتی دعوؤں کے برعکس کرپشن کم ہونے کے بجائے بڑھی ہے۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن سے متعلق سی پی آئی انڈیکس رپورٹ 2021جاری کردی ہے، جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔180 ممالک کی عالمی فہرست میں پاکستان کی تنزلی 16 درجے رپورٹ کی گئی ہے۔
پاکستان 28 پوائنٹس کے ساتھ کرپشن کے بارے میں عالمی رینکنگ میں 140 ویں نمبر پرآگیا۔ گزشتہ سال کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان کا نمبر 124 تھا۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی دنیا بھر میں کرپشن کی عالمی درجہ بندی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرپشن نہ ہونے کے اسکور میں 3 پوائنٹس کی کمی ہوگئی۔ 2021ء میں پاکستان 100 میں سے صرف 28 پوائنٹس حاصل کرسکا، جبکہ گزشتہ سال یہ اسکور 31 تھا۔
ادھر پلڈاٹ کے سربراہ کا کہنا ہےکہ حکومت کوجواب دینا ہوگا کہ چیزیں بہتری کی جانب کیوں نہیں جارہیں؟ کرپشن کے خلاف بیانیہ لے کرپی ٹی آئی حکومت میں آئی تھی، رینکنگ میں اسکور اوپر جانے کا مقصد کرپشن میں کمی ہے، 2010 سے 2017 تک ریکنگ میں اضافہ ہوا ہے۔




































