
رحیم یار خان (ویب ڈیسک،خبرایجنسی)دریائے سندھ میں باراتیوں کی 2 کشتیاں الٹنے سے 20 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 29 افراد
تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق دو کشتیوں پر مشتمل قافلے میں 150 سے زائد افراد سوار تھے ، حادثے میں 94 افراد دریا میں ڈوب گئے، جن میں سے 45 افراد کو مقامی افراد نے بچا لیا ،جبکہ امدادی کارروائیوں میں 20 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔
لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے دریائے سندھ میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، جائے حادثہ پر ریسکیو 1122 ایدھی فانڈیشن، پولیس ضلعی انتظامیہ کے اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ریسکیو اور ایدھی کی 20 سے زائد ایمبولینسز امدادی کارروائیوں میں شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سولنگی برادری کے افراد کروڈ سے ماچھکہ سفر کررہے تھے، باراتیوں کی کشتی کو حادثہ دریا کے کنارے پر پہنچ کر پیش آیا ۔المناک حادثے کے بعد ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔




































