
ملتان /لاہور(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) ملتان سکھر موٹروے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی سلیپر بس اور آئل ٹینکر میں خوفناک
تصادم کے بعد آگ لگ گئی ،جس کے نتیجے میں کم از کم 20 مسافرجھلس کرجاں بحق اور6 زخمی ہوئے ،حادثے کے مقام پر موٹروے ایم 5 کئی گھنٹے بند رہی۔ امدادی ٹیموں کے مطابق مسافر بس لاہور سے کراچی جا رہی تھی کہ پیچھے سے آتی بس نے ائل ٹینکر کو عقبی سمت سے ٹکر ماری۔ حادثے کے بعد بس اور آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، جس سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔ حادثے دوران بیس مسافر موقع پر جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جب کہ چھ زخمیوں کو ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حا
دثے کی اطلاع ملتے ہی نشتر اسپتال اور جلال پور کے طبی مراکز پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے کے تین زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور ان کے جسم کا 80 فیصد حصہ جھلس گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق متاثر بس کے بائیس مسافروں کا تعلق کراچی جبکہ دو مسافروں کا تعلق حیدرآباد سے تھا۔ زخمیوں میں رضا شہزاد ولد سہیل شہزاد، رئیس ولدابراہیم، شعیب ولد غلام محمد، عرفان ولد محمد شبیر، فریحہ شاہ زوجہ شاہد بھٹی اور ماہین دختر شاہد بھٹی شامل ہیں، تاہم جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔
حادثہ رات 2 بجے پیش آیا۔ حادثہ بس ڈرائیور کی مبینہ غلطی کے باعث پیش آیا، بس ڈرائیور کو دوران ڈرائیونگ نیند آنے کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا اور وہ آگے چلتے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے جلال پور پیروالا انٹرچینج، موٹروے ایم 5پر مسافر بس اورآئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں 20قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔




































