
فیصل آباد (ویب ڈیسک )مقامی ڈینٹل کالج کی بی ڈی ایس فائنل ایئر کی طالبہ سے انسانیت سوز سلوک اور تشدد کا معاملہ مزید
سنسنی خیز رخ اختیار کرگیا ہے ،جس میں تشدد کیس کے مرکزی ملزم شیخ دانش کے گھر سے شراب کی بوتلیں اور اسلحہ برآمدہونے پر پولیس تھانہ کھرڑیانوالہ نے مقدمہ درج کرلیا۔
سرگودھا روڈ یونیورسٹی ٹاﺅن فیصل آباد کی بی ڈی ایس کی طالبہ خدیجہ سے انسانیت سوز سلوک اور تشدد کے معاملہ میں پولیس کی خصوصی چھاپہ مار ٹیم نے نامزد اور نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کیلئے پیراڈائیز کالونی 2 میں شیخ دانش کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں تلاشی کے دوران شراب کی بوتلیں اور ممنوعہ اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔
گھر سے ملزمان کے موبائل فونز، وڈیو مواد اور تشدد میں استعمال ہونیوالا سامان بھی برآمد ہوگیا۔دریں اثنا ملزمان کیخلاف تھانہ کھرڑیانوالہ میں منشیات اور ناجائز اسلحہ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا۔ ملزمان کو مذکورہ مقدمہ میں چالان سمیت جوڈیشل مجسٹریٹ آصفہ جبار کی عدالت میں پیش کیا گیا ،جس میں ملزم شیخ دانش کی پچاس ہزار کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی گئی۔
شیخ دانش کی ضمانت منظور ہونے کے بعد فیصل آباد پولیس اسے لیکر روانہ ہو گئی۔ ملزم شیخ دانش کی طرف سے رانا محسن قیوم ایڈووکیٹ بطور وکیل پیش ہوئے۔دوسری جانب دوران تفتیش طالبہ پر تشدد کرنیوالی نامزد ملزمہ ماہم گرفتار ملزم شیخ دانش کی بیوی نکلی۔
خدیجہ سے انسانیت سوز سلوک اور تشدد کا معاملہ میں نامزد ملزمہ ماہم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جو بطور سیکرٹری شیخ دانش کی فرم میں کام کرتی ہے۔اس نے پولیس تفتیش میں انکشاف کیا کہ وہ شیخ دانش کی بیوی ہے۔ملزمہ ماہم نے طالبہ پر تشدد کیا، قینچی سے بال کاٹے اور بھنویں مونڈ دیں ،جبکہ اسے زبان سے جوتیاں چاٹنے پر مجبور کرنے سمیت اس کی ویڈیو بناکر اسے وائرل بھی کیا گیا۔
پولیس نے ملزمہ کو تحویل میں لیکر قانونی کارروائی شروع کردی۔ پولیس نے متاثرہ طالبہ اور ملزمان کے موبائل فونز کا فرانزک معائنہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے پولیس شعبہ تحقیقات نے فون تحویل میں لے لیے جنہیں معائنہ کیلئے فرانزک لیب پنجاب بھجوایا جائے گا۔ ملزمان نے طالبہ خدیجہ سے انسانیت سوز سلوک اور تشدد کے دوران موبائل فونز سے فلمبندی کی تھی جس کے کچھ حصے سوشل میڈیا پر وائرل کر دئیے گئے۔
طالبہ نے ایف آئی آر میں بیان دیا ہے کہ ملزمان نے اس کے ساتھ جنسی درندگی کرنے کے دوران بھی فلمبندی کی اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دیں۔




































