
اسلام آباد ( ویب ڈیسک): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات 2018ءکے بعد مختلف
سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی طرف سے کل 299 انتخابی عذرداریاں دائر کی گئیں، اب تک قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے 210 حلقہ جات کی پٹیشنز کے فیصلہ جات الیکشن ٹربیونلز نے کئے ہیں۔
پیر کو الیکشن کمیشن سے جاری ایک وضاحت میں کہا گیا ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے الیکشن 2018 کے بارے میں مختلف آراءکے اظہار کے بعد میڈیا کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر کی گئیں انتخابی عذرداریوں اور ان پر فیصلہ جات کے متعلق وضاحتیں مانگی جا رہی ہیں، اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے یہ ضروری سمجھا کہ اس سلسلہ میں وضاحت دی جائے۔
ملک میں عام انتخابات کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی طرف سے کل 299 انتخابی عذرداریاں دائر کی گئیں۔ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی طرف سے قومی اسمبلی کے حلقہ جات میں 9 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ جات کے لئے 20 الیکشن پٹیشنز دائر کی گئیں۔
اس طرح پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے قومی اسمبلی کے حلقہ جات کے لئے 15 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ جات کے لئے 28 پٹیشنز دائر کیں، مزید پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں نے قومی اسمبلی کے لئے 23 اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقہ جات کے لئے53 الیکشن پیٹشنز دائر کیں۔
علاوہ ازیں دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیداروں نے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے لئے 151 الیکشن پیٹشنز دائر کیں، اب تک قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے 210 حلقہ جات کی پٹیشنز کے فیصلہ جات الیکشن ٹربیونلز نے کر دیئے ہیں۔




































