کراچی (رنگ نوڈاٹ کام) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے یونیورسٹی روڈ پر سر عام لوٹ مار اور
اس دوران این ای ڈی یونیورسٹی کے سینئر استاد پروفیسر علی رضا کی اہلیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہا ر کیا ہے اور کہا ہے کہ شہر میں مسلح ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافے کے باعث شہریوں میں شدید عدم تحفظ کا احساس ،اضطراب اور خوف پھیل رہا ہے۔
انہوں نے اپنےایک بیان میں کہا کہ پروفیسر علی رضا کی اہلیہ کا سر عام قتل شہر میں بد امنی ظاہرکرتا ہے، اس قسم کی بڑھتی ہوئی وارداتیں حکومت،محکمہ پولیس وقانون نافذ کرنے کےذمہ داروں کی نااہلی اور ناکامی کا ثبوت ہیں۔حکومت و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان وارداتوں کی روک تھام کریں اور شہریوں کے خوف اور بے چینی کو دور کریں۔
حافظ نعیم الرحمن نے پروفیسر علی رضا اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور سخت سزا دی جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی ماضی میں شدید بد امنی اور دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔ چند سال قبل شروع ہونے والے ٹارگیٹڈ آپریشن کے بعد صورتحال میں کافی بہتری پیدا ہوئی تھی اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا تھا مگر بد قسمتی سے کچھ عرصے سے جرائم پیشہ عناصر پھر سر گرم ہو گئے ہیں اور شہر میں چوری، ڈکیتی، لوٹ مار اور گاڑیوں کی چھینا جھپٹی کی وارداتیں تواتر کے ساتھ سامنے آرہی ہیں اور ایک بار پھر شہر کو بد امنی میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی حکومت جو شہریوں کے جان و مال کا تحفظ نہ کر سکے حکومت کہلانے کے لائق نہیں۔ جماعت اسلامی صورت حال کا جائزہ لے رہی ہے اور شہریوں کو جرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم پر ہرگز نہیں چھوڑے گی۔




































