
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبرایجنسی)چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کروناوائرس کے باعث
چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے حوالہ سے دائر درخواست کو قابل سماعت قراردیتے ہوئے متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کرکے11فروری سے قبل جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ ہفتہ کے روز سنایا۔
عدالت درخواست پر مزید سماعت 11فروری کو کرے گی۔ چین میں کروناوائرس کے باعث پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے درخواست اسلا م آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔ عدالت نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وزارت خارجہ کو 11فروری سے قبل جواب جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے کہا ہے کہ بتایا جائے کہ کروناوائرس سے متاثرہ چینی علاقے سے پاکستانیوں کو نکالنے کے لئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں ۔تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزارکے وکیل نے بتایا ہے کہ حکومت نے کروناوائرس سے بچاﺅ کے لئے خاطرخواہ اقدامات نہیں کئے ہیں۔تحریری عدالتی حکمنامہ دوصفحات پر مشتمل ہے۔




































