
کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام ) رحمت ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی و چیئر مین ،بزرگ سماجی رہنما رحمت بھا ئی بقضائے الٰہی انتقال کر گئے ،ان
کی عمر 74برس تھی ۔رحمت بھائی کا اصل نام سید رحمت علی تھا،وہ دہلی بھارت میں پیدا ہوئے اورجب پاکستان آئے تو4برس کے تھے ۔
وہ طویل عرصے تک روزنامہ جسارت اور مختلف ماہا نہ میگزینز سے مارکیٹنگ کے شعبہ سے بھی منسلک رہے ۔رحمت بھائی نے 1997 میں رحمت ویلفیئر ٹرسٹ قائم کیا اور اسی وقت سے طویل عرصے سے بے لوث خدمت سرانجام دے رہے تھے۔وہ ہزارروں غربا ،مساکین،بیواؤں کی آس تھے ۔
رحمت بھائی انتہائی ایماندار ،ملنسار اورغریب پرور تھے ۔انہوں نے ساری عمرشادی نہیں کی تھی اور اپنے آپ کو خدمت کے کاموں میں مصروف رکھا ۔رحمت بھائی علاقائی مسائل پر بھی لوگوں کا درد رکھتے تھے اور گاہے بگاہے انہیں اخبارات کے ذریعے اجاگر کرتے رہتے تھے ۔
رحمت بھائی دل کے عارضہ میں مبتلا تھے،جمعہ کی دوبہر خود چل کروہ این آئی سی وی ڈی میں داخل ہوئے تھے ،جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملے ۔
رحمت یلفیئر ٹرسٹ کے میڈیا ترجمان زین صدیقی کے مطابق رحمت بھائی کی نمازجنازہ آج بعد نماز ظہر کاربازار گراونڈ نئی کراچی سیکٹر الیون ڈی میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو کی امامت میں ادا کی جائے گی۔




































