
کراچی (نمائندہ رنگ نو/تصاویر،نعمان لودھی) کورونا وائرس اور کراچی میں ہونے والی شدید بارشوں کے دوران جان کی پروا کیے
بغیرلوگوں کی مدد کرنے والے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے الخدمت کراچی کی جانب سے’’سلام رضا کار ‘’ کے عنوان سے کنونشن منعقد کیا گیا۔جس کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن تھے۔ کنونشن سے الخدمت چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ،پی ڈی ایم اے سندھ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مقصود سومرو، الخدمت کے ایگزیکٹوڈائریکٹر راشد قریشی اور انجینئر صابر احمد نے بھی خطاب کیا جبکہ محمد فرید اور ثوبان بیگ نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ الخدمت کے ہزاروں رضاکاروں نے شہر بھر میں کورونا کی وبار بارشوں کے دوران اپنی جان کی پر واہ کیے بغیر متاثرین کو ریلیف فراہم کیا ہے،جماعت اسلامی کی پوری تنظیم اور کارکنان کی ٹیم الخدمت کی پشت پر رہی ہے۔
انہوں نے کہا الخدمت نے ہمیشہ ضرورت مندوں اور متاثرین کی عزت نفس مجروح کیے بغیرامداد کی ہے، شدید مخالفین بھی الخدمت کے لیے ایمانداری اور دیانتداری کی گواہی دیتے ہیں،عوام اور اہل خیر کے تعاون سے الخدمت اپنی امدادی سرگرمیاں اور ریلیف ورک آئندہ بھی جاری رکھے گی۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت اپنی فلاحی اور امدادی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھے گی، الخدمت کی پوری ٹیم اور رضاکاروں نے جس طرح ماضی میں دن اور رات ایک کر کے عوام کی خدمت کی ہے، آئندہ بھی کرتے رہیں گے،ا لخدمت کی کووڈلیب میں انتہائی کم نرخ پر کورونا کے ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے اور بہت جلد شہر کے 10مزیدمقامات پر ڈیزاسٹراور ریلیف سینٹرز قائم کیے جائیں گے جہاں سے فوری طور پر ریلیف اور ریسکیو ورک ممکن ہو سکے گا۔
انجینئر صابر احمد نے کہا کہ الخدمت کی خدمات کی گونج گورنر ہاؤس پنجاب میں بھی سنائی دی گئی، جب وہاں ایک تقریب میں سرکاری سطح پر تسلیم کیا گیا کہ الخدمت نے کورونا کی وبا اور بارشوں میں آگے بڑھ کر عوام کی خدمت کی ہے، الخدمت نے بلا رنگ و نسل و مذہب متاثرین اور ضرورت مندوں کی خدمت کی ہے۔
تقریب کے اختتام پر راشد قریشی نے الخدمت ہیڈ آفس کی پوری ٹیم کا تعارف کرایا، ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی دن رات کی جانے والی سرگرمیوں کے بارے میں اظہار خیال کیا۔
کنونشن میں بڑی تعداد میں الخدمت کےرضاکاروں نے شرکت کی،جنہیں سرٹیفکیٹس،یادگاری شیلڈزاورخصوصی ایوارڈز پیش کیے گئے جو حافظ نعیم الرحمن،سیکریٹری کراچی عبدالوہاب،نوید علی بیگ،راشد قریشی،انجینئر محمد صابر،مقصود سومرو،ڈائریکٹر مواخات الخدمت یوسف محی الدین،چیف فنانس آفیسر ابوالاعلیٰ،ایم ڈی الخدمت فاؤنڈیشن سفیان علی خان،ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ فواد شیروانی نے تقسیم کیے۔




































