کرا چی ( ملاقات :زین صدیقی )ماہرفیملی فزیشن ڈاکٹرسمیع الرحمن صدیقی نے کہا ہے کہ
سردی کے موسم میں مائیں بچوں کی صحت کا خصوصی خیال رکھیں۔کراچی ایسا شہر جہاں موسم اس کا اپنا نہیں ہوتا۔موسم سرما آتا ہے تو بچوں میں امراض کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔خاص طور پر نزلہ ،زکام ،کھانسی اور فلو موسم سرما کے عام امراض ہیں ۔احتیاط نہ کی جائے تو یہ نمونیہ بن سکتا ہے۔
یہ بات انہوں نے رنگ نو ڈاٹ کام اور رنگ نو چینل سے خصوصی گفتگو میں کہی ۔ڈاکٹر سمیع الرحمن صدیقی نے کہا کہ کراچی کے مضافاتی علاقوں میں جہاں گھر عموماً کھلے ہوتے ہیں وہاں امراض کی شکایات زیادہ پائی جاتی ہیں ،جہاں موسم کے اثرات انہیں متاثر کرتے ہیں ۔ایسے میں بچے ہی نہیں بڑے بھی متاثر ہو تے ہیں ۔لہٰذا موسم سرما کے اثرات سے بچنا ضروری ہے۔
ڈاکٹر سمیع الرحمن نے کہا کہ کراچی سمیت ملک میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے ۔کورونا سے بچنا ضروری ہے ۔اس کیلئے ضروری ہے کہ آپ جہاں بیٹھیں یا جائیں ماسک ضرور پہنیں ۔بار بار ہاتھ دوھوئیں ۔موسم سرما میں اگر کسی کو نزلہ ہوگا وہ کورونا کے شک میں مبتلا ہو جائے گا ،لہذا احتیاط ضروری ہے ۔سرد موسم میں بچوں کو نمونیہ ہو سکتا ہے ۔
سرد موسم میں بچوں کی پسلیاں چلنے سے متعلق ایک سوال پر ڈاکٹر سمیع الرحمن نے کہا کہ ایسی صورت میںہم عموماً والدین کو کہتے ہیں کہ بچے کو وینٹو لین کا ایک پف دے دیں ،یہ پھیپھڑوں کو سکون پہنچا تا ہے ،مگر والدین ڈر جاتے ہیں کہ کیا ہمارے بچے کو دمہ ہے۔ایسا نہیں ہوتا انہیں سمجھنا چاہیے ۔وینٹو لین کا پف بچوں کو فوری راحت دیتا ہے ۔
ایک اور سوال پر ڈاکٹر سمیع الرحمن صدیقی نے کہا کہ مائیں بچوں کیلئے خصوصی طور پر احتیاط کریں ان کو گرم کپڑے پہنائیں ،کانوں اور پیروں کو ڈھانپ کر رکھیں اور یہی احتیاط بچوں کو اسکول بھیجتے وقت اختیار کریں ۔