کراچی (نمائندہ رنگ نو )الخدمت کراچی کے” آرفن کیئر پروگرام“ کے تحت زیرکفالت
یتیم بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کا تیسرا مرحلہ مکمل ہوگیا۔تیسرے مرحلے میں ضلع جنوبی کے150سے زائد بچوں کی اسکریننگ کی گئی ۔
تمام بچوں کا معائنہ الخدمت میڈیکل سینٹر لیاری میں کیا گیا ۔ماہر امراض اطفال ،آئی اسپیشلسٹ ،جنرل فزیشن پر مشتمل ڈاکٹروںکی ٹیم نے بچوں کا معائنہ کیا ۔ڈاکٹروں نے انہیں آنکھوں ،دانتوں سمیت پورے جسم کی حفاظت، جراثیم کے سبب پیدا ہونے والے امراض اورکورونا وائرس سے بچاؤکے لیے حفاظتی اقدامات سے متعلق بھی آگاہی فراہم کی ۔کیمپ میں بچوں کی مائیں اور ان کے سرپرست بھی موجود تھے ۔رکن سندھ اسمبلی سیدعبدالرشید نے کیمپ کا معائنہ کیا ۔
بچوں اورڈاکٹرز سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔انہوں نے بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں اور صحت سے متعلق دریافت کیا ۔ اس موقع پر گفت گو کرتے ہوئے سید عبد الرشید کا کہنا تھا یتیم بچے ملک کا روشن مستقبل ہیں ۔ان کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی نیک عمل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت یتیموں کی کفالت کا بڑ اکام سرانجام دے رہی ہے ۔یہ صرف الخدمت کی نہیں پورے معاشرے کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ یتیموں کی کفالت کیلئے آگے آئے ۔
انہوں نے اہل خیر افراد سے کہا کہ کفالت یتامیٰ منصوبے میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔یادرہے کہ اس قبل بھی مختلف اضلاع میں الخدمت 400بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کرچکی ہے ،مجموعی طور پر 1139بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی جائے گی۔