
ڈاکٹر طارق شہزاد تبسم شجاع آباد
میرے رنگین نواشاعر
اُفق سے دُور
منزل کی طلب میں
ٹوٹتی سانسیں لیے جتنے مسافر ہوں
تو اُن کی کرب میں ڈوبی ہوئیں دلدوز چیخیں غور سے سننا
مرے رنگین نوا شاعر
جو شاخیں مدتوں سے
بے ثمر ہیں
اور محروم ِ گل ورنگت میں
ان کے مرثیے لکھنا
مرے رنگین نوا شاعر
وہ آنکھیں
اور بجھتی ہوئی آنکھیں
کسی معصوم لڑکی کی
جو غم کی تیرگی میں آنسوﺅں کی مشعلیں روشن کیے
ہیں منتظر کب سے
اور اس کی کیفیت کو
ہر گھڑی ہر اجنبی قدموں کی آہٹ پر
کھٹکنا اور کھٹک کھٹک کر مسکرادینا
خلو میں گھورنا اور پھر کسی ان دیکھے سائے کو صدادینا
اگر تو سُن سکے تو اس صد ا کو
زینت نوک ِ قلم کرنا
مرے رنگین نوا شاعر
ابھی افلاس سے ج نگ آزمائیں کتنے دیوانے
ابھی مشرق سے مغرب تک
کئی انسان موت وزندگی کی کشمکش میں مبتلا بھی ہیں
مرے رنگین نوا شاعر
تو اس تصویر محرومی میں زندہ حوصلے بھر دے
ابھی تو بے بس و مظلوم ومفلس ان گنت لوگوں کی
آوازیں بھی شامل ہیں
مرے رنگین نوا شاعر
تو اپنی فکر کے سارے دریچے کھول کر رکھنا




































